پاکستانی ٹیم کی ورلڈ کپ مہم ناکام , بھارت سے وطن واپسی

پاکستانی ٹیم کی ورلڈ کپ مہم ناکام , بھارت سے وطن واپسی
…… اصغر علی مبارک…..

کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں پاکستان ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ نیوزی لینڈ فائنل فور کےلیے کوالیفائی کرنے والی چوتھی ٹیم بن گئی۔ پاکستان ٹیم بھارت سے وطن واپسی کےلیے آج روانہ ہوگی۔

پاکستان ٹیم کے کچھ کھلاڑی آج صبح اور کچھ شام میں بھارت سے دبئی پہنچیں گے۔ پاکستان ٹیم کے کھلاڑی دبئی سے اپنے اپنے شہروں کی فلائٹ لیں گے۔

کوکلتہ میں انگلینڈ کے خلاف آخری گروپ میچ میں قومی ٹیم کو 6.4 اوورز میں 338 رنز کا ہدف حاصل کرنا تھا جس میں وہ ناکام رہی۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان ٹیم ورلڈ کپ سے باہر جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

بھارتی ٹیم پہلے، جنوبی افریقہ دوسرے، آسٹریلیا تیسرے اور نیوزی لینڈ چوتھے نمبر کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔ اس اعتبار سے پہلا سیمی فائنل بھارت اور نیوزی لینڈ جبکہ دوسرا سیمی فائنل جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان ہوگا۔

ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان 15 نومبر کو ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا سیمی فائنل 16 نومبر کو جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ہوگا

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے 44ویں میچ میں انگلینڈ نے بھی پاکستان کو شکست دے دی۔ قومی ٹیم کی ورلڈ کپ مہم ناکامی کیساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔

کولکتہ میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کےلیے 338 رنز کا ہدف جس کے تعاقب میں قومی ٹیم 244 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ اوپنر عبداللّٰہ شفیق دوسری ہی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوئے۔ فخر زمان صرف ایک رن کے مہمان ٹھہرے۔

کپتان بابر اعظم 38، محمد رضوان 36 اور سعود شکیل 29 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ افتخار احمد صرف 3 رنز بناسکے۔ پاکستان کی ساتویں وکٹ شاداب خان کی صورت میں 150 رنز پر گری۔

شاداب کو عادل رشید نے 4 پر بولڈ کیا۔ پاکستان کی آٹھویں وکٹ 186 رنز پر گری جب سلمان علی آغا 37ویں اوور میں 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نویں وکٹ شاہین آفریدی کی صورت میں گری وہ 25 رنز بنا کر ایٹکنسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ آخری وکٹ پر حارث رؤف اور محمد وسیم جونیئر 53 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔

وسیم نے 16 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، حارث 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے ساتھ ہی پاکستان کو اس میچ میں 93 رنز سے شکست ہوئی۔ انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ولے نے 3 جبکہ معین علی، عادل رشید اور گس ایٹکنسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آخری وکٹ کرس ووکس نے لی۔ اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ملان اور جونی بیرسٹو نے اننگز کا آغاز کیا اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 13.3 اوورز میں 82 رنز تک پہنچایا جس کے بعد انگلینڈ کی پہلی وکٹ گر گئی۔ افتخار احمد نے پاکستان کے لیے پہلی وکٹ حاصل کی،

ڈیوڈ ملان 31 رنز بنا کر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی دوسری وکٹ 18.2 اوورز میں 108 رنز پر گری جب حارث رؤف کی گیند پر جونی بیرسٹو 59 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

تیسری وکٹ پر بین اسٹوکس اور جو روٹ کے درمیان 132 رنز کی پارٹنرشپ نے انگلینڈ کو بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن کردیا۔ انگلینڈ کو تیسرا نقصان بین اسٹوکس کی صورت میں اٹھانا پڑا جب 84 رنز بنانے والے اسٹوکس کو 240 کے مجموعے پر شاہین آفریدی نے 41ویں اوور کی پہلی گیند پر بولڈ کردیا۔

اس کے بعد پاکستانی بولرز نے وکٹیں لینے کا سلسلہ تو شروع کیا، تاہم دوسری جانب اپنی وکٹوں گنوانے سے قبل انگلش بیٹرز رنز بھی بٹورتے رہے۔ ہیری بروک نے 30، جوز بٹلر نے 27، ڈیوڈ ولے 15، معین علی 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کرس ووکس 4 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔

انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تین وکٹیں لیں جبکہ محمد وسیم اور شاہین آفریدی نے 2، 2 اور افتخار احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کے ڈیوڈ ولے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ورلڈکپ میں پاکستان اپنے 9 میں سے صرف 4 ہی میچز جیت سکی۔ قومی ٹیم نے مسلسل دوسری مرتبہ 50 اوور فارمیٹ میں ورلڈکپ کا اختتام 5ویں پوزیشن پر کیا۔

اس جیت کے ساتھ ہی انگلینڈ نے پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کےلیے کوالیفائی کرلیا ہے ۔

 

 

error: Content is protected !!