نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ : راولپنڈی، پشاور، ایبٹ آباد، کراچی بلوز، لاہور بلوز اور اسلام آباد کی کامیابی
ذیشان ملک کی جارحانہ سنچری
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں اتوار کے روز کھیلے گئے میچوں میں راولپنڈی، پشاور، ایبٹ آباد، کراچی بلوز، لاہور بلوز اور اسلام آباد نے کامیابی حاصل کرلی۔
ایچ پی سی اوول گراؤنڈ میں راولپنڈی نے فیصل آباد کو27 رنز سے ہرادیا۔
راولپنڈی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے6 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے۔ذیشان ملک نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 10 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے107 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ اسد رضا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں فیصل آباد کی ٹیم 9 وکٹوں پر147 رنز بناسکی۔ آصف علی اور عرفان خان 32، 32 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ مہران ممتاز، جہانداد خان اور مبصرخان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں پشاور نے کوئٹہ کو69 رنز سے ہرادیا۔
گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے یہ میچ 13 اوورز کا کردیا گیا تھا۔
پشاور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر158 رنز بنائے۔ افتخار احمد نے ایک چوکے اور 5 چھکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ عامرعظمت نے50 رنز اسکور کیے اور وہ بھی آؤٹ نہیں ہوئے ان کی اننگز میں 2 چوکے اور5 چھکے شامل تھے۔
ان دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں100 رنز کا اضافہ کیا۔جلات خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں کوئٹہ کی ٹیم 7 وکٹوں پر 89 رنز بناپائی۔ صلاح الدین 34 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ عمران خان سینئراور عباس آفریدی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
ایچ پی سی اوول گراؤنڈ میں ایبٹ آباد نے بہاولپور کو7 وکٹوں سے ہرادیا۔
بہاولپور نے پہلے بیٹنگ کی اور 9 وکٹوں پر 115 رنز بنائے۔محمد شاہد نے چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 55 رنز اسکور کیے۔ عاقب خان اور خالد عثمان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
ایبٹ آباد نے3 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔فخرزمان نے 42 رنز اسکور کیے جس میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ محمد شاہد نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں کراچی بلوز نے لاڑکانہ کو9 وکٹوں سے ہرادیا۔
لاڑکانہ کی ٹیم صرف 61 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ فراز عزیز 26 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ ولید عظیم نے صرف9 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔
کراچی بلوز نے ایک وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔ محمد طحہ 36رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں لاہور بلوز نے کراچی وائٹس کو5 رنز سے شکست دیدی۔
لاہور بلوز نے8 وکٹوں پر 159 رنز اسکور کیے۔ عمران بٹ نے چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے54 رنز بنائے۔ حسین طلعت نے 45رنز اسکور کیے۔ آفتاب ابراہیم، عارف یعقوب اور سہیل خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
کراچی وائٹس کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر154 رنز بناپائی۔ عماد عالم تین چھکوں اور تین چوکوں کے ساتھ 45 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ کاشف بھٹی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں اسلام آباد نے ڈیرہ مراد جمالی کو 2 وکٹوں سے ہرادیا۔
ڈیرہ مراد جمالی کی ٹیم 127 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔زبیرخان 46 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ عمیرآفریدی نے 24رنز دے کر4 اور موسیٰ خان نے22 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں اسلام آباد نے آٹھ وکٹیں گنوانے کے بعد حماد صدیق کے ناقابل شکست 51 رنز کی بدولت میچ کی آخری گیند پر مطلوبہ اسکور پورا کرکے کامیابی حاصل کرلی۔