پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے ملتان میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک پاکستان کی ٹیم نے فتح کیلئے درکار 355 رنز کے تعاقب میں چار وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز سکور کر لئے تھے اور اسے جیت کیلئے مزید 157 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں، تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو سعود شکیل 54 اور فہیم اشرف 3 سکور کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، پاکستان کی جانب سے آئوٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق نے 45، محمد رضوان نے 30، بابر اعظم نے ایک اور امام الحق نے 60 رنز بنائے، انگلینڈ کی جانب سے اولی رابنسن ، جیک لیچ، مارک ووڈ اور جیمز اینڈرسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی
قبل ازیں میچ کے تیسرے روز انگلینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 275 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی تھی جس کے بعد پاکستان کو جیت کیلئے 355 کا ہدف ملا تھا، انگلینڈ کی ٹیم نے اپنی دوسری نامکمل اننگز میچ کے تیسرے روز 202 رنز پانچ کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو اس کی چھٹی وکٹ 256 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب بین سٹوکس 41 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد انگلینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 275 رنز پر آئوٹ ہو گئی، انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک نمایاں بیٹر رہے جنہوں نے 108 رنز کی اننگز کھیلی، یہ ملتان ٹیسٹ میچ کی پہلی سنچری بھی ہے، پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے چار، زاہد محمود نے تین جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔