پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کا دوسرا ایلیمنیٹر آج لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں قلندرز اور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا ۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں آج لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کا اہم ترین مقابلہ بارش سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔
لاہور میں آج علی الصبح ہلکی بارش کے بعد جہاں موسم خوشگوار ہوگیا ہے وہیں محکمہ موسمیات نے سہ پہر میں دوبارہ بارش کی پیشگوئی کردی ہے، اگر میچ متاثر ہوتا ہے تو لاہور قلندرز کی ٹیم فائنل کا ٹکٹ کٹوا لے گی۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بارش کے باوجود میچ وقت پر شروع ہونے کا امکان ہے تاہم اگر دوبارہ تیز بارش کا سپیل آتا ہے تو اس سے گراؤنڈ سٹاف کے لیے مسائل میں اضافہ ہو سکتا ہے، اگر میچ کا نتیجہ نہیں نکلتا یا میچ مکمل نہیں ہوپاتا تواس کا فائدہ لاہور قلندرز کو ہوگا۔
لیگ میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر قلندرز کے پوائنٹس کی تعداد 14 ہے جبکہ پشاور زلمی کے 10 پوائنٹس ہیں اور یہی سبقت اسے فائنل کھیلنے کا حقدار بنانے کیلئے کافی ہے۔