کرکٹ

آئی ٹی ایف ماسٹرز: عالمی نمبر 173 کو شکست، پاکستان کی بڑی جیت ، سیمی فائنل میں اب بھارت سے ٹاکرا

آئی ٹی ایف ماسٹرز: خرم امتیاز نے عالمی نمبر 173 کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

لاہور: تھائی لینڈ کے شہر پٹایا کے گریٹا اسپورٹس کلب میں جاری آئی ٹی ایف ورلڈ ٹینس ماسٹرز ٹور MT400 ٹورنامنٹ کے مینز 55+ سنگلز کوارٹر فائنل میں پاکستان کے خرم امتیاز نے شاندار جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے تھرڈ سیڈ اور عالمی نمبر 173 نیوزی لینڈ کے ڈیمین پاؤنڈ کو آؤٹ کلاس کر کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

خرم امتیاز میچ پر مکمل طور پر چھائے رہے اور انہوں نے پہلے سیٹ میں درجن سے زائد ونرز لگاتے ہوئے 2-6 سے کامیابی حاصل کی۔ 

دوسرے سیٹ میں بھی پاکستانی اسٹار نے حریف کی سروس بریک کی اور ایک ہی گیم میں چار ایسز لگا کر 2-5 (30-0) کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، جس کے بعد شکست کے دہانے پر کھڑے نیوزی لینڈ کے کھلاڑی کندھے کی انجری کے باعث میچ سے دستبردار ہو گئے۔

شاندار فتح کے بعد خرم امتیاز نے گزشتہ دو ماہ سے اپنی بھرپور تیاری اور محنت پر رشید ملک کی کاوشوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ پیر کو کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں خرم امتیاز کا مقابلہ ٹاپ سیڈ اور عالمی نمبر 67 بھارت کے بال کرشن بھاٹیہ سے ہوگا۔

دریں اثنا، مینز 70+ سنگلز میں پاکستان کے وقار نثار عمدہ مزاحمت کے باوجود بیلجیئم کے جین جیکس ڈیلپورٹ کے ہاتھوں 1-6 اور 4-6 سے شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہو گئے۔ 

پاکستانی سینئر ٹینس دستے نے عالمی ایونٹس میں شرکت کے لیے بھرپور تعاون پر دی بینک آف پنجاب، لاہور جمخانہ کلب، جے ڈی ڈبلیو گروپ، ریوائیو بائی گیٹوریڈ اور جمال پولیمرز کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔

Related Articles


Back to top button