قائداعظم ٹرافی (سلور) ; لاہور بلوز کا بہاولپور پر بڑا وار، اننگز کی شکست
قائداعظم ٹرافی (سلور): لاہور ریجن بلوز کی شاندار فتح
بہاولپور ریجن کو اننگز اور 62 رنز سے شکست، میچ دوسرے ہی روز اختتام پذیر
احمد بشیر کی تباہ کن بولنگ، میچ میں 11 وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی میچ قرار پائے
رپورٹ: عابد حسین
کراچی: قائداعظم ٹرافی (سلور) کے سلسلے میں کھیلے گئے میچ میں لاہور ریجن بلوز نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہاولپور ریجن کو میچ کے دوسرے ہی روز ایک اننگز اور 62 رنز سے شکست دے دی۔
یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے اس مقابلے میں لاہور بلوز کے بولرز نے ابتدا ہی سے حریف ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔ بہاولپور ریجن کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں محض 71 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جبکہ لاہور ریجن بلوز نے اپنی واحد اننگز میں 248 رنز کا مجموعہ ترتیب دے کر 177 رنز کی قیمتی برتری حاصل کی۔
لاہور بلوز کی جانب سے حمزہ ظہور نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 82 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ علی حسن بلوچ نے 37 اور اسامہ طارق نے 35 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اہم کردار ادا کیا۔
جواب میں بہاولپور ریجن کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی لاہور کے فاسٹ بولرز کے سامنے زیادہ مزاحمت نہ کر سکی اور پوری ٹیم 115 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ یوں لاہور ریجن بلوز نے ایک اننگز اور 62 رنز کے واضح مارجن سے فتح اپنے نام کرلی۔
لاہور بلوز کی جانب سے فاسٹ بولرز نے میچ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ احمد بشیر نے دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 11 وکٹیں حاصل کرکے حریف بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔ اسامہ طارق نے 5 جبکہ محمد سلمان نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
احمد بشیر کو میچ میں مجموعی طور پر 11 وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد نے لاہور ریجن بلوز کی شاندار کامیابی پر ٹیم کے کھلاڑیوں، ہیڈ کوچز، ٹیم مینجمنٹ اور کوچنگ اسٹاف کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور ریجن کے خلاف ایک اننگز اور 62 رنز سے کامیابی لاہور ریجن کے کھلاڑیوں کی محنت، صلاحیت، نظم و ضبط اور بہترین ٹیم ورک کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے خصوصی طور پر احمد بشیر کی شاندار بولنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک میچ میں 11 وکٹیں حاصل کرنا ان کی غیر معمولی صلاحیتوں اور محنت کا عکاس ہے۔ انہوں نے حمزہ ظہور، علی حسن بلوچ، اسامہ طارق، محمد سلمان اور دیگر کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
خواجہ ندیم احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن نوجوان کھلاڑیوں کی سرپرستی، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں قومی سطح پر بہترین مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔