بلائنڈ ایشیاء کپ چیمپئن پاکستان ٹیم کی وطن واپسی، ایئرپورٹ پر شاندار استقبال
بلائنڈ ایشیاء کپ چیمپئن پاکستان ٹیم کی وطن واپسی، ایئرپورٹ پر شاندار استقبال،
سلطان شاہ اور نثار علی کی میڈیا سے دبنگ گفتگو
لاہور / اسلام آباد: (نوازگوھر) بلائنڈ ایشیاء کپ کی چیمپئن پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔ ایئرپورٹ کے باہر ٹیم کا شاندار استقبال کیا گیا، جہاں شائقین، عہدیداران اور میڈیا کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر چیئرمین بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن سلطان شاہ اور کپتان قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نثار علی نے میڈیا سے گفتگو کی اور ٹورنامنٹ میں ٹیم کی شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا۔
چیئرمین بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن سلطان شاہ کی گفتگو:
سلطان شاہ نے کہا کہ بھارت کا ہمیشہ یہی رویہ رہا ہے کہ جب انہیں ہار نظر آتی ہے تو وہ رونا دھونا شروع کر دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے باقاعدہ فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کو چیمپئن قرار دیا ہے۔
یہ فیصلہ میرٹ اور قواعد کے مطابق ہوا ہے۔ سلطان شاہ نے کہا کہ ہم نے کرکٹ کے میدان میں ہمیشہ بھارت کو شکست دی ہے۔ مجھے بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ہونے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پورے ٹورنامنٹ میں بہت اچھی کرکٹ کھیلی۔
ہمارے کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں شاندار کھیل پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا رونا دھونا فضول ہے، ٹیکنیکل کمیٹی نے ہمیں فاتح قرار دیا ہے اور یہی حتمی فیصلہ ہے۔
کپتان نثار علی کی میڈیا سے گفتگو:
کپتان قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نثار علی نے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے۔ ہمارے تمام کھلاڑیوں نے ایک ٹیم بن کر کھیلا اور چیمپئن بن کر دکھایا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو ہار قبول کرنی چاہیے۔ اگر میچ ہو بھی جاتا تو ہم نے ہی کامیابی حاصل کرنی تھی۔
نثار علی نے کہا کہ بھارت کو سپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ کھیل میں ہار جیت ہوتی ہے، لیکن اصل کھلاڑی وہی ہوتا ہے جو ہار کو بھی کھلے دل سے قبول کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ایشیاء کی بہترین ٹیم ہے اور آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ کھیلیں گے۔
بلائنڈ ایشیاء کپ میں پاکستان نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ فائنل کے حوالے سے تنازع پیدا ہونے پر ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے پاکستان کو چیمپئن قرار دیا، جس کے بعد پاکستانی ٹیم فاتح بن کر وطن واپس پہنچی۔