ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی: پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی
ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی: پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی
عجمان: آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 2026 کے سپر سکس مرحلے میں پاکستان ویمنز ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ ویمنز ٹیم کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ اسکاٹ لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔ اسکاٹ لینڈ کی کپتان کیتھرین برائس نے 36 گیندوں پر 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔ کیتھرین فریزر نے 21، ڈارسی کارٹر نے 18 اور سارہ برائس نے 17 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے ام حانی نے سب سے عمدہ بولنگ کی اور 19 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ نشرہ سندھو، ممنہ ریاضت اور عمیمہ سہیل نے 1، 1 وکٹ لی۔
جواب میں پاکستان نے 125 رنز کا ہدف صرف 1 وکٹ کے نقصان پر 17.1 اوورز میں حاصل کر لیا۔ کپتان منیبہ علی نے ناقابل شکست 59 رنز بنائے، انہوں نے 48 گیندوں پر 9 چوکے لگائے۔ گل فیروزہ نے 43 گیندوں پر 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے شامل تھے۔
دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 98 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔ منیبہ علی کو میچ وننگ اننگز پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
مختصر اسکور: اسکاٹ لینڈ ویمنز: 124-5، 20 اوورز (کیتھرین برائس 53، کیتھرین فریزر 21؛ ام حانی 2-19)
پاکستان ویمنز: 128-1، 17.1 اوورز (منیبہ علی 59 ناٹ آؤٹ، گل فیروزہ 54 ناٹ آؤٹ)
یہ سپر سکس میں پاکستان کی پہلی فتح ہے، اس سے قبل آئرلینڈ نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے ہرایا تھا۔ پاکستان کا اگلا میچ سری لنکا سے ہوگا، فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان کو بڑے مارجن سے جیتنا ہوگا۔