اسلام آباد میں J-60 جونیئر ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ کا آغاز - 14 ممالک کے 58 کھلاڑی شریک
پاکستان ٹینس فیڈریشن کا بڑا ایونٹ - بارڈ فاؤنڈیشن کے تعاون سے انٹرنیشنل ٹورنامنٹ شروع
اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹر) پاکستان ٹینس فیڈریشن (PTF) ٹینس کمپلیکس، گارڈن ایونیو، اسلام آباد میں J-60 بارڈ فاؤنڈیشن جونیئر ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ کا آغاز ہو گیا۔
چیمپئن شپ میں 14 ممالک سے تعلق رکھنے والے 58 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں، جن میں 36 بوائز اور 22 گرلز شامل ہیں۔
شریک ممالک میں روس، ہانگ کانگ، چین، تھائی لینڈ، قازقستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، سربیا، آسٹریلیا، سپین، کینیڈا، بیلاروس، سویڈن اور میزبان پاکستان شامل ہیں۔
ایونٹ کو بارڈ فاؤنڈیشن کی جانب سے سپانسر کیا گیا ہے جو پاکستان میں جونیئر ٹینس کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
صدر PTF اعصام الحق قریشی، سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل اور PTF مینجمنٹ نے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر صدر PTF اعصام الحق قریشی نے کہا کہ PTF مقامی کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل مواقع فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن بیک ٹو بیک انٹرنیشنل ایونٹس کا کامیابی سے انعقاد کر رہی ہے،
جن میں 2 ویمنز ورلڈ ٹینس ٹور ٹورنامنٹس، بلی جین کنگ کپ ایشیا/اوشیانا گروپ III اور اب 3 مسلسل جونیئر ٹورنامنٹس شامل ہیں۔ ان جونیئر چیمپئن شپ کے بعد 2 مینز ورلڈ ٹینس ٹور (فیوچرز) ٹورنامنٹس بھی منعقد ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان انٹرنیشنل چیمپئن شپ کے انعقاد سے پاکستانی جونیئر کھلاڑیوں کو ہوم گراؤنڈ پر انٹرنیشنل حریفوں کے خلاف کھیلنے، قیمتی تجربہ حاصل کرنے، WT رینکنگ پوائنٹس اور بیرون ملک سفر کے بغیر اپنی عالمی رینکنگ بہتر بنانے کا بہترین موقع مل رہا ہے۔
آخر میں اعصام الحق قریشی اور کرنل ضیاء الدین طفیل نے بارڈ فاؤنڈیشن کا پاکستان میں ٹینس کے فروغ کے لیے سپانسرشپ پر شکریہ ادا کیا۔