بڑے کھلاڑی بڑے میچ میں پرفارم کرتے ہیں، فائنل میں بہترین کھیل پیش کریں گے، سلمان علی آغا
سہ ملکی سیریز: کچھ کھلاڑی پرفارم نہیں کر رہے، امید ہے فائنل میں رنز بنائیں گے، سلمان علی آغا
لاہور : قومی ٹیم کے نائب کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ سہ ملکی سیریز میں کچھ کھلاڑی توقع کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا رہے، امید ہے کہ فائنل میں وہ رنز بنائیں گے۔
سہ ملکی سیریز کے فائنل سے قبل گفتگو میں سلمان آغا نے کہا کہ پاکستان نے اہم کھلاڑیوں کی بڑی پرفارمنس کے بغیر بھی تین میچ جیتے ہیں جو خوش آئند ہے۔ ٹاپ آرڈر میں پاکستان کے پاس تاریخ کے بہترین بیٹرز ہیں، بڑے کھلاڑی بڑے میچ میں پرفارم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف آخری لیگ میچ میں ٹیم 110 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی جو توقع کے مطابق نہیں تھا، لیکن فائنل میں کم بیک کریں گے۔
بابر اعظم کی فارم سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ بابراعظم نے پاکستان کو کئی میچز اور سیریز جتوائی ہیں، وہ سینیئر کھلاڑی ہیں اور انہیں خود بھی معلوم ہے کہ اپنی کارکردگی میں بہتری کے لیے کیا کرنے کی ضرورت ہے۔ کرکٹ میں بعض اوقات کھلاڑی پوری کوشش کرتے ہیں لیکن چیزیں ان کے حق میں نہیں جاتیں، امید ہے کہ بابراعظم فائنل میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔
نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عرفات منہاس، حسن نواز اور دیگر نوجوان کھلاڑی بہت باصلاحیت ہیں اور پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہیں۔ ان سے بات چیت ہوتی رہتی ہے اور وہ مسلسل نئی چیزیں سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف اچھی کارکردگی دکھانا کافی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی غلطیوں سے سیکھیں اور کھیل میں بہتری لاتے رہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ میں آنے کے بعد کھلاڑیوں کو مزید سیکھنے اور اپنی صلاحیتوں پر کام کرنے کے مواقع ملتے ہیں، جس کا انہیں مستقبل میں فائدہ ہوتا ہے۔
سری لنکا کے خلاف فائنل اور حریف ٹیم کی حالیہ کارکردگی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم یہاں اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے، تاہم کرکٹ میں صرف اعداد و شمار اہمیت نہیں رکھتے بلکہ میدان میں کارکردگی فیصلہ کن ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فائنل میں دباؤ ضرور ہوگا، لیکن جو ٹیم بہتر کرکٹ کھیلے گی وہی کامیاب ہوگی۔ ہماری کوشش ہوگی کہ اپنی مضبوط صلاحیتوں کے مطابق کھیلیں۔ پاکستانی ٹیم میں بہت ٹیلنٹ ہے اور اگر کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیلیں تو فائنل باآسانی جیت سکتے ہیں۔
اپنی بولنگ کے حوالے سے سلمان علی آغا نے کہا کہ پنڈی میں انہوں نے 5 اوورز بھی کیے تھے، تاہم موجودہ پچ اور کھیل کی صورتحال کے باعث بیک وقت 2 ایسے کھلاڑیوں سے بولنگ کروانا مشکل ہوتا ہے جو مستقل بولرز نہیں ہیں۔ ایک جانب سے باقاعدہ بولر کا ہونا ضروری ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف میچ میں ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے باعث انہیں بولنگ کا موقع نہیں ملا، تاہم جب بھی ٹیم کو ضرورت ہوئی وہ بولنگ کے لیے تیار ہیں۔
پاکستان کا فائنل سری لنکا کے خلاف ہفتہ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔سلمان آغا نے خود سیریز میں ایک سنچری بنائی ہے، جبکہ فخر زمان 4 اننگز میں 31 اور بابر اعظم 118 رنز بنا سکے ہیں۔