فٹ بال

پاکستان کی 10 میچز میں 4 فتوحات، فیفا انڈر 15 فیسٹیول میں 169ویں پوزیشن

شاہینز کا فاتحانہ اختتام، جبوتی کو 2-4 سے شکست دے کر ورلڈ کپ مہم مکمل کرلی 

فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول میں پاکستان کی کم بیک فتح، دس میچز میں چار کامیابیاں اور دو ڈرا کے ساتھ ٹورنامنٹ میں 169ویں پوزیشن حاصل کی۔

پاکستان نے آذربائیجان میں جاری فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 میں اپنی پہلی شرکت کا اختتام یادگار فتح کے ساتھ کیا۔ شاہینز نے ایک گول کے خسارے سے واپسی کرتے ہوئے جبوتی کو 2-4 سے شکست دے دی۔

میچ کے پہلے ہاف میں جبوتی نے دائیں جانب سے ملنے والے کراس پر گول کرکے برتری حاصل کی۔ گیند دفاعی کھلاڑیوں کے درمیان سے گزرتی ہوئی گول کے نچلے کونے میں جا پہنچی۔ پہلے ہاف کے اختتام پر پاکستان کو 0-1 کے خسارے کا سامنا تھا۔

دوسرے ہاف میں شاہینز نے بھرپور انداز میں واپسی کی۔ 23ویں منٹ میں پاکستان کو پنالٹی ایریا کے قریب فری کک ملی، جس پر کپتان اور مڈفیلڈر محمد مصطفیٰ نے زوردار شاٹ لگا کر گیند جال میں پہنچائی اور مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔

اس دوران جبوتی کے کھلاڑیوں کی تعداد کم ہوکر سات رہ گئی، جس کا پاکستان نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ 32ویں منٹ میں کلیم اللہ نے پنالٹی ایریا کے قریب گیند حاصل کی اور اسے گول کے نچلے دائیں کونے میں پہنچا کر پاکستان کو 1-2 کی برتری دلا دی۔

صرف ایک منٹ بعد جبوتی کے اپنے ہی کھلاڑی کے گول نے پاکستان کی برتری 1-3 کردی۔ تاہم جبوتی نے فوری جوابی حملہ کرتے ہوئے ایک اور گول اسکور کیا اور خسارہ 2-3 تک محدود کردیا، جس سے مقابلہ مزید دلچسپ ہوگیا۔

برتری کم ہونے کے بعد جبوتی نے برابر ی کے لیے مسلسل حملے کیے اور میچ کو پنالٹی شوٹ آؤٹ تک لے جانے کی کوشش کی۔ تاہم شاہینز نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے حریف کے دباؤ کا مقابلہ کیا۔ 

اضافی وقت میں محمد مصطفیٰ کی کِک اِن پر دانش مسیح نے گول کے دور والے پوسٹ پر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند جال میں پہنچائی اور پاکستان کی 2-4 سے فتح یقینی بنادی۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی بھی میچ دیکھنے کے لیے موجود تھے۔ انہوں نے کامیاب مہم پر کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو مبارک باد دی اور ٹورنامنٹ میں ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ 

صدر پی ایف ایف نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دنیا کے مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا تجربہ نوجوان کھلاڑیوں کی مزید نشوونما اور پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مستقبل میں بہتر کارکردگی دکھانے میں معاون ثابت ہوگا۔

پاکستان نے ٹورنامنٹ میں اپنے دس میچز میں چار فتوحات اور دو ڈرا کے ساتھ مجموعی درجہ بندی میں 169ویں پوزیشن حاصل کی۔ یوں شاہینز نے فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول میں اپنی تاریخی پہلی شرکت کا اختتام ایک شاندار کامیابی کے ساتھ کیا۔

Related Articles


Back to top button