کرکٹ

"سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلیے پاکستان کا فاسٹ ٹریک پچز تیار کرنے کا فیصلہ"

سری لنکا کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے فاسٹ پچز تیار کرنے کا فیصلہ

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی تھنک ٹینک نے روایتی اسپن پچز کے بجائے فاسٹ ٹریک پچز تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ قومی فاسٹ بولرز کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔

 کوچ مائیک ہیسن نے دونوں ٹیسٹ میچز کے لیے فاسٹ ٹریکس بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے اور گراؤنڈز مین ایسی پچز بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں پیسرز کو مدد ملے

سیریز کا شیڈول: پہلا ٹیسٹ: 9 نومبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں  دوسرا ٹیسٹ: 17 نومبر سے لاہور قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔

2026 میں یہ پاکستانی سرزمین پر قومی ٹیم کا پہلا ٹیسٹ میچ ہوگا۔ اس سال قومی ٹیم بیرون ملک 7 ٹیسٹ کھیل چکی ہے جن میں سے 6 میں شکست ہوئی۔ تھنک ٹینک نے اب ملک میں جاندار پچز بنانے پر اتفاق کیا ہے تاکہ بیرون ملک جدوجہد کا سلسلہ ختم ہو

ذرائع کے مطابق سری لنکا کے خلاف سہ روزہ پریکٹس میچ کے بعد پی سی بی پیٹرنز الیون سے 2 فاسٹ بولرز کو قومی اسکواڈ میں شامل کیا جائے گا، محمد عباس اور رضا اللہ کی شمولیت یقینی نظر آ رہی ہے۔

 انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ کی پلیئنگ الیون سے صائم ایوب، عبداللہ شفیق، شان مسعود سمیت کئی کھلاڑی باہر ہو چکے ہیں، اذان اویس اور عبداللہ فضل اوپننگ کے لیے فیورٹ ہیں

پاکستان اس وقت آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں نویں جبکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے۔ 

ٹیم انتظامیہ پرامید ہے کہ ان سخت فیصلوں اور نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت سے قومی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور گرین کیپس عالمی سطح پر دوبارہ اپنی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

Related Articles


Back to top button