Games

جے پی ایف ٹائمز پولو کپ: ایف جی دین/شیخو اور ڈائمنڈ پینٹس کی شاندار فتوحات

جے پی ایف ٹائمز پولو کپ: ایف جی دین/شیخو اور ڈائمنڈ پینٹس کی شاندار فتوحات

لاہور: جناح پولو فیلڈز کے زیراہتمام جاری 'جے پی ایف ٹائمز پولو کپ 2026' کے سلسلے میں بدھ کے روز کھیلے گئے اہم میچوں میں ایف جی دین/شیخو اور ڈائمنڈ پینٹس/پلیٹینم ہومز نے بہترین حکمت عملی اور شاندار ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتوحات سمیٹ لیں۔

دن کے پہلے میچ میں ایف جی دین/شیخو نے یکطرفہ اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولو یوکھانو کو ساڑھے پانچ کے مقابلے میں 11 گول سے شکست دے دی۔

 (پولو یوکھانو کو ہینڈی کیپ کے تحت ڈیڑھ گول کی رعایت حاصل تھی)۔میچ کے پہلے ہی چکر سے دونوں ٹیموں نے تیز رفتار کھیل پیش کیا۔

ایف جی دین/شیخو کی جانب سے ایس ایم رافع، عباس مختار اور حمزہ معاذ خان نے شاندار فیلڈ گول اسکور کیے۔ جواب میں پولو یوکھانو کی طرف سے بلال نون نے مسلسل دو بہترین فیلڈ گول کر کے اپنی ٹیم کو مقابلے میں برقرار رکھا۔

بعد ازاں آنے والے چکروں میں حمزہ معاذ خان چھائے رہے، جنہوں نے 30 اور 40 گز کے پینلٹی شاٹس اور فیلڈ گولز کے ذریعے اسکور بورڈ پر برتری مضبوط کر دی۔

عباس مختار اور ایس ایم رافع نے بھی حریف کے دفاع کو دباؤ میں رکھا۔ پولو یوکھانو کی جانب سے ممتاز عباس اور بلال نون (جنہوں نے آخری چکر میں 60 گز کا شاندار پینلٹی گول کیا) کی کوششوں کے باوجود ایف جی دین/شیخو نے 11–5.5 سے کامیابی اپنے نام کر لی۔

دوسرا مقابلہ سنسنی خیز اور سخت رہا، جس میں ڈائمنڈ پینٹس/پلیٹینم ہومز نے ماسٹر پینٹس کو 6 کے مقابلے میں 8 گول سے شکست دی۔ ڈائمنڈ پینٹس نے پہلے چکر کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا، 

جہاں میر حذیفہ احمد اور عمر اشفاق نے فیلڈ گول اسکور کیے۔ درمیانی چکروں میں ثاقب خاکوانی نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 60 گز اور 30 گز کی پینلٹیوں کو گول میں بدلا۔

دوسری جانب سے ماسٹر پینٹس نے شاندار واپسی کرتے ہوئے ڈرامائی انداز اپنایا۔ میکائیل سامی نے بہترین فیلڈ گولز کے ساتھ ساتھ 60، 40 اور 30 گز کی پینلٹیوں پر درست نشانہ باندھ کر مقابلے کو توازن میں لایا، 

جبکہ چوہدری فاتح نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔فیصلہ کن چوتھے چکر میں ابراھیم خلیل، میر حذیفہ احمد اور ثاقب خاکوانی کے باہمی تعاون نے ڈائمنڈ پینٹس کی فتح پر مہر ثبت کی اور ٹیم کو 8–6 کی کٹھن کامیابی دلائی۔

Related Articles


Back to top button