کرکٹ

80 میچز، 150 وکٹیں - شاہین شاہ آفریدی نے تاریخ رقم کر دی

شاہین آفریدی ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 150 وکٹیں لینے والے پاکستانی فاسٹ بولر بن گئے

پاکستان کی ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے انگلینڈ کے خلاف سہ ملکی سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ایک روزہ کیریئر کی 150 وکٹیں مکمل کر لی ہیں اور وہ یہ سنگِ میل عبور کرنے والے پاکستان کے تیز ترین فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے میچ کے پہلے ہی اوور میں انگلینڈ کے ان فارم اوپنر ٹام بینٹن کو آؤٹ کر کے اپنی 150ویں وکٹ حاصل کی۔

ٹام بینٹن، جو گزشتہ چار اننگز میں مسلسل چار نصف سنچریاں بنا چکے تھے، شاہین کی زبردست فل لینتھ گیند پر کورز کے فیلڈر کو آسان کیچ دے بیٹھے۔

شاہین آفریدی نے اپنے 80ویں ون ڈے میچ میں 150 وکٹوں کا سنگِ میل عبور کیا۔اس سے قبل پاکستان کے دو لیجنڈری فاسٹ بولرز وقار یونس اور شعیب اختر نے 91، 91 میچز کھیل کر یہ سنگِ میل عبور کیا تھا، جن کا ریکارڈ اب شاہین نے توڑ دیا ہے۔

تمام پاکستانی بولرز (اسپنرز اور فاسٹ بولرز) کی فہرست میں شاہین آفریدی تیز ترین 150 وکٹیں لینے والے دوسرے بولر بن گئے ہیں۔ان سے آگے صرف سابق مایہ ناز آف اسپنر ثقلین مشتاق ہیں، جنہوں نے محض 78 ون ڈے میچز میں 150 وکٹیں مکمل کی تھیں۔

عالمی سطح پر شاہین شاہ آفریدی ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 150 وکٹیں حاصل کرنے والے مشترکہ طور پر چوتھے تیز ترین بولر بن گئے ہیں۔

اس فہرست میں دنیا میں تیز ترین 150 وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ نیپال کے سندیپ لامیچھانے (73 میچز) کے پاس ہے، جبکہ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک 77 میچز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

دوسری جانب ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے تیز ترین 150 وکٹیں لینے کا اعزاز وقار یونس اور لیگ اسپنر یاسر شاہ کے پاس مشترکہ طور پر موجود ہے، جنہوں نے 27، 27 ٹیسٹ میچز میں یہ ہدف حاصل کیا تھا۔

شاہین آفریدی کی قذافی اسٹیڈیم میں کارکردگی بھی قابلِ ذکر ہے، وہ یہاں 6 میچز کھیل کر 16 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں انکی قیادت میں پاکستان نے 13 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں سے 9 میں کامیابی حاصل کی ہے۔

یاد رہے کہ شاہین آفریدی نے گزشتہ روز ہی اپنی بولنگ اسپیڈ رفتار میں آنے والی مسلسل کمی کے حوالے سے اٹھنے والے سوالات اور تنقید پر بلا جھجھک اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ”بالکل، میری اسپیڈ کم ہوئی ہے، لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اس وقت پاکستان ٹیم کو میری رفتار سے زیادہ وکٹوں کی ضرورت ہے۔“


Related Articles


Back to top button