فخر زمان، عرفات منہاس کی جارحانہ بیٹنگ، سری لنکا کو شکست، پاکستان نے ٹرائی سیریز جیت لی
فخر زمان، عرفات منہاس کی جارحانہ بیٹنگ، سری لنکا کو شکست، پاکستان نے ٹرائی سیریز جیت لی
پاکستان نے سری لنکا کوہراکر ٹرائی سیریز کا فائنل جیت لیا۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں رنز کا طوفان، فخر زمان کا بلا ایسا چلا کہ سری لنکا کا 326 رنز کا ہدف بھی چھوٹا پڑگیا۔
پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد مہمان ٹیم کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سہ ملکی سیریز کا تاج اپنے سر سجا لیا۔
پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر تین ملکی ون ڈے سیریز کا فائنل جیت لیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکے میں قومی ٹیم نے 326 رنز کا ہدف 49ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، فخر زمان نے شاندار سنچری اسکور کرکے پاکستان کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔
فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے کامندو مینڈس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 131 رنز اسکور کیے، جبکہ پون رتنائیکے 77 اور اوشکا فرنینڈو 38 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور سلمان علی آغا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
326 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، تاہم فخر زمان اور سعد بیگ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 149 رنز جوڑ کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔
فخر زمان نے 99 گیندوں پر 127 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی 12ویں سنچری تھی، جبکہ سعد بیگ نے 74 رنز بنائے۔
بعد ازاں عرفات منہاس نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 31 گیندوں پر 61 رنز اسکور کیے، جبکہ حسن نواز 37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے 49ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
سری لنکا کی جانب سے مدھوشنکا نے تین جبکہ فرنینڈو نے دو وکٹیں حاصل کیں، تھکشانا اور ویلالگے کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے تین ملکی سیریز میں اپنے پانچ میچوں میں سے چار جیت کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
خیال رہے قومی ٹیم نے آخری مرتبہ 2008 میں ون ڈے سہ ملکی سیریز جیتی تھی، جب بنگلا دیش میں فائنل کے دوران بھارت کو شکست دی تھی۔
فائنل کی ایک اور اہم بات یہ رہی کہ شاہین شاہ آفریدی نے قذافی اسٹیڈیم میں ون ڈے میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا وسیم اکرم کا ریکارڈ برابر کردیا۔
دونوں بولرز اس میدان پر 23، 23 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔یوں پاکستان نے طویل عرصے بعد ون ڈے سہ ملکی سیریز کا تاج اپنے سر سجالیا، جبکہ فخر زمان کی یادگار سنچری اور نوجوان بیٹرز کی جارحانہ بیٹنگ نے اس فتح کو مزید خاص بنا دیا۔
پاکستان نے نہ صرف ون ڈے فائنل میں سب سے بڑے ہدف کے تعاقب کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ بلکہ 16 سال بعد تین ملکی ون ڈے سیریز میں کامیابی بھی حاصل کر لی۔
اس سے قبل بھارت نے 2002 میں انگلینڈ کیخلاف چیمپئنز ٹرافی فائنل میں 326 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔ اور پاکستان نے آخری مرتبہ 2008 میں بھارت، بنگلا دیش کیخلاف سیریز جیتی تھی۔
پاکستانی ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے تھے جبکہ پلیئنگ الیون میں فخر زمان، معاذ صداقت، بابر اعظم، سعد بیگ، حسن نواز، سلمان علی آغا، عرفات منہاس، فہیم اشرف، حارث رؤف اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
سری لنکن ٹیم ؛ کامندو مینڈس، اویشکا فرنینڈو، کوشل مینڈس، پون رتنائیکے، داسن شناکا، جنتھ لیانگے، سہان آراچچیگے، دونتھ ویلالاگے، ایشان ملنگا، اسیتھا فرنینڈو اور دلشان مدوشنکا شامل ہیں۔