کرکٹ

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں دفاعی چیمپئن ناردرن کی فتوحات کا سلسلہ جاری

ملتان(سپورٹس لنک رپورٹ)ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے پہلے مرحلے کےساتویں میچ میں ناردرن نے موسیٰ خان اورحارث رؤف کی عمدہ باؤلنگ اور شاداب خان کی آلراؤنڈ کارکردگی کی بدولت سنٹرل پنجاب کو 35 رنز سے شکست دے دی۔ 155 رنز کے تعاقب میں سنٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 18.1اوورز میں 120 رنز پر ہمت ہارگئی۔

چھوٹے ہدف کے باوجود ناردرن کی بہترین باؤلنگ لائن اپ کے سامنے سنٹرل پنجاب کے صرف 4 کھلاڑی ہی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔اوپنر عابد علی 36 اور عبداللہ شفیق 20 رنز بناکر سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔رضوان حسین اور سعد نسیم نے 14، 14 رنز بنائے۔

ناردرن کے موسیٰ خان نے 23 جبکہ حارث رؤف نے 26 رنز دے کر 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔سہیل تنویر اور کپتان شاداب خان نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

اس سے قبل سنٹرل پنجاب کے کپتان سعد نسیم نے ٹاس جیت کر پہلےفیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ناردرن کے ٹاپ آرڈر نےقدرے محتاط کھیل کا مظاہرہ کیا۔ فاتح ٹیم کی ابتدائی 3 وکٹیں 40 رنز پر گریں تو کپتان شاداب خان، آصف علی اور روحیل نذیر نے رنز بنانے کی رفتار تیز کردی۔شاداب خان 17 گیندوں پر 30اور آصف علی 11 گیندوں پر 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔روحیل نذیر کی 8 گیندوں پر 21 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت دفاعی چیمپئن نے مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے۔

سنٹرل پنجاب کے عثمان قادر نے 28 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔

https://youtu.be/xn6FIseSOFk

میچ میں آلراؤنڈ کارکردگی کی بدولت مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے پر ناردرن کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ مسلسل دوسرے میچ میں یہ ایوارڈ جیتنا ان کے لیے فخر کی بات ہے، خوشی ہے کہ دونوں میچوں میں ان کی انفرادی کارکردگی سے ٹیم کو کامیابی ملی۔ آلراؤنڈر نے کہا کہ دن بدن کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہورہاہے اوروہ پرامید ہیں کہ ناردرن کی ٹیم اس سال اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے گی۔

Related Articles


Back to top button