کرکٹ

پاکستان کے نعمان علی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن ٹیم میں شامل

پاکستان کے نعمان علی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن ٹیم میں شامل

سڈنی: کرکٹ آسٹریلیا نے 2023 سے 2025 کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل کی بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، جس میں مختلف ممالک کے نمایاں کھلاڑیوں کو جگہ دی گئی ہے۔ آسٹریلوی ویب سائٹ پر جاری کردہ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 7 ممالک کے 11 کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ہے، جن میں آسٹریلیا کے 3، بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے 2،2 جبکہ پاکستان، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے ایک، ایک کھلاڑی شامل ہیں۔ پاکستان کی نمائندگی اسپنر نعمان علی نے کی ہے، جنہوں نے شاندار کارکردگی کے ذریعے اپنی جگہ بنائی، آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ ان کے ہم وطن عثمان خواجہ اور الیکس کیری بھی اس ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا اور یشرسوی جیسوال منتخب ہوئے ہیں، نیوزی لینڈ سے کین ولیمسن اور میٹ ہنری، انگلینڈ کے جوروٹ اور ہیری بروک، جبکہ سری لنکا سے کمنڈو مینڈس کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ جنوبی افریقہ کے ٹیمبا باووما کو بارہویں کھلاڑی کے طور پر رکھا گیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کی یہ ٹیم اس بات کی عکاس ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں کارکردگی کی بنیاد پر کھلاڑیوں کو دنیا بھر سے سراہا جاتا ہے اور پاکستان کے نعمان علی کی شمولیت قومی کرکٹ کے لیے ایک خوش آئند پہلو ہے۔

Related Articles


Back to top button