ہاکی

پاکستان ہاکی کا مستقبل بچانے کا مشن، PHF کا اسکول ہاکی لیگ کا دھماکہ خیز اعلان

پاکستان ہاکی کا مستقبل بچانے کا مشن، PHF کا اسکول ہاکی لیگ کا دھماکہ خیز اعلان

ہاکی کے فروغ کے لیے ملک گیر اسکول لیگ دسمبر سے شروع، فائنل جنوری میں اسلام آباد میں ہوگا، فاتح کھلاڑیوں کو ماہانہ 15 ہزار وظیفہ

لاہور (سپورٹس لنک) پاکستان ہاکی فیڈریشن (PHF) نے قومی کھیل کو بچانے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا۔ ہاکی کے فروغ، نچلی سطح پر ٹیلنٹ کی تلاش اور انڈر 18 و انڈر 21 ٹیموں کے لیے کھلاڑی تیار کرنے کے لیے "اسکول ہاکی لیگ پاکستان" کا اعلان کر دیا گیا۔

پی ایچ ایف کے مطابق یہ ملک گیر انٹر اسکول مقابلہ ہوگا جس میں چاروں صوبوں، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے اسکولز حصہ لیں گے۔

لیگ کا شیڈول:
مقابلوں کا آغاز رواں سال دسمبر سے ہوگا۔ ٹیمیں پہلے ڈسٹرکٹ، پھر زونل اور پھر صوبائی کوالیفائرز کھیلیں گی۔ لیگ کا فائنل مرحلہ (نیشنل فائنلز) جنوری میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ فیڈریشن نے لیگ کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ 

اس سلسلے میں صوبائی محکمہ تعلیم، صوبائی محکمہ کھیل، وزارت بین الصوبائی رابطہ، پاکستان اسپورٹس بورڈ اور اسپانسرز کے ساتھ اہم اجلاس بھی ہوگا۔

200 نئے ستاروں کی تلاش:
لیگ کا بنیادی مقصد ہر سال 200 سے 250 باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی تلاش ہے، جن کی مسلسل کوچنگ کی جائے گی۔ ٹیلنٹ ہنٹ کا عمل ضلع کی سطح سے شروع ہوگا تاکہ جو اسکول فائنل تک نہ پہنچ سکیں ان کے باصلاحیت بچے بھی ضائع نہ ہوں۔

کھلاڑیوں کے لیے شاندار مالی پیکیج:
پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں کے لیے تاریخ میں پہلی بار ماہانہ وظیفے کا اعلان کیا ہے جو دو سال تک دیا جائے گا:

پہلی پوزیشن: ہر کھلاڑی کو 15,000 روپے ماہانہ ; دوسری پوزیشن: ہر کھلاڑی کو 10,000 روپے ماہانہ ; 
تیسری پوزیشن: ہر کھلاڑی کو 7,000 روپے ماہانہ ، یہ اسکیم لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کے لیے ہوگی۔

غیر ملکی کوچز کی نگرانی میں تربیت:
منتخب کھلاڑیوں کے لیے گرمیوں کی چھٹیوں میں بین الاقوامی کوچز کی زیر نگرانی خصوصی کیمپ لگائے جائیں گے تاکہ انہیں مستقبل کی قومی جونیئر ٹیموں کے لیے تیار کیا جا سکے، جبکہ ان کی تعلیم بھی جاری رہے گی۔

Related Articles


Back to top button