باکسنگ

پہلی بین الصوبائی انڈر 22 باکسنگ چیمپیئن شپ ; افتتاحی روز سندھ کے باکسرز کا راج، رِنگ پر چھا گئے

افتتاحی روز سندھ کے باکسرز کا راج، رِنگ پر چھا گئے

چیمپیئن شپ کے دوسرے دن 11 فائٹس، سندھ نے 4 میں کامیابی سمیٹی

اختتامی تقریب آج منعقد ہوگی

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) پہلی بین الصوبائی انڈر 22 باکسنگ چیمپیئن شپ کے دوسرے روز سندھ کے باکسرز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے میدان مار لیا اور رِنگ پر چھا گئے۔ گذشتہ روز کھیلی جانے والی گیارہ فائٹس میں سندھ نے چار میں کامیابی حاصل کی جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا نے دو دو اور بلوچستان نے بھی دو فائٹس جیتیں، اس کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر کے باکسر نے ایک فائٹ اپنے نام کی۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی انجینئر محفوظ الحق تھے جنہوں نے کے پی ٹی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کا کردار کھیلوں کے فروغ میں ہمیشہ نمایاں رہا ہے اور ایسے ایونٹس قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرتے ہیں۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات نے رنگا رنگ ٹیبلو بھی پیش کیا جسے حاضرین نے بھرپور انداز میں سراہا۔ دوسرے روز کے مقابلوں میں 50 کلوگرام کے باؤٹ میں سندھ وائٹ کے محمد عمر نے سندھ گرین کے عمر کو شکست دی، 55 کلوگرام میں پنجاب کے محمد جنید نے بلوچستان کے اصغر علی کو ہرایا، اسی کیٹیگری میں سندھ گرین کے سمیر نے خیبر پختونخوا کے مسلم شاہ کو پانچ دو سے مات دی، 60 کلوگرام کے مقابلے میں بلوچستان کے احسان اللہ نے پنجاب کے طلال رعنا کو پانچ صفر سے شکست دی، اسی وزن میں سندھ گرین کے نوید اشرف نے خیبر پختونخوا کے عبداللہ کو بھی پانچ صفر سے ہرایا، 65 کلوگرام میں آزاد کشمیر کے جنید خادم نے بلوچستان کے محمد عدیل کو تین دو سے مات دی، 70 کلوگرام کے باؤٹ میں خیبر پختونخوا کے ابو بکر نے آزاد کشمیر کے توفیق میر کو ایک صفر سے شکست دی، 75 کلوگرام کے مقابلے میں خیبر پختونخوا کے محمد عمر نے سندھ وائٹ کے منیر کو ہرایا، خواتین کے 48 کلوگرام باؤٹ میں سندھ گرین کی خضرا نے بلوچستان کی محدثہ کو ایک صفر سے زیر کیا، 51 کلوگرام خواتین باؤٹ میں بلوچستان کی زینب نے خیبر پختونخوا کی ثناء کو شکست دی جبکہ 54 کلوگرام خواتین باؤٹ میں پنجاب کی عزوا نے سندھ وائٹ کی عائشہ کو ہرایا۔ اس طرح دوسرے روز سندھ نے سب سے زیادہ کامیابیاں سمیٹیں اور رِنگ پر اپنی برتری قائم رکھی۔ آج 28 اگست دوپہر 1:30 بجے پروگرام کی اختتامی تقریب کے پی ٹی میں منعقد ہوگی۔

Related Articles


Back to top button