کوالالمپور ٹینس میں پاکستانی اسٹار چمک اٹھا - میڈل جیت کر اعزاز حاصل کر لیا
ملائیشیا میں میکائیل علی بیگ آئی ٹی ایف جے 100 چیمپئن بن گئے
پاکستانی نوجوان ٹینس اسٹار نے فائنل میں جاپان کے دوسری سیڈ کھلاڑی کو شکست دے دی
پاکستان کے نوجوان ٹینس اسٹار میکائیل علی بیگ نے ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں منعقدہ آئی ٹی ایف جے 100 جونیئر ٹینس چیمپئن شپ کا سنگلز ٹائٹل جیت کر ایک اور بین الاقوامی کامیابی اپنے نام کر لی17 سالہ پاکستانی کھلاڑی نے فائنل میں جاپان کے دوسری سیڈ کھلاڑی سوٹا کاگاوا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-0 اور 6-1 سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا
ٹورنامنٹ میں پانچویں سیڈ کی حیثیت سے شرکت کرنے والے میکائیل علی بیگ نے پورے ایونٹ میں شاندار کھیل پیش کیا اور جاپان کے ٹاپ سیڈ کھلاڑیوں سمیت عالمی رینکنگ میں بہتر پوزیشن رکھنے والے حریفوں کو شکست دی میکائیل نے پہلے راؤنڈ میں بھارت کے آریا وینکٹاراگاون کو 6-0، 6-0 سے ہرایا
جبکہ پری کوارٹر فائنل میں جاپان کے ماؤ تذورو کو 7-6(5)، 6-1 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی کوارٹر فائنل میں پاکستانی کھلاڑی نے تیسری سیڈ اور عالمی نمبر 259 روسی کھلاڑی ایوان ماکاروف کو 6-0، 6-0 سے آؤٹ کلاس کیا۔
سیمی فائنل میں پہلی سیڈ اور عالمی نمبر 172 جاپانی کھلاڑی یوتا امانو کو 7-5، 6-2 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی فیصلہ کن معرکے میں میکائیل علی بیگ نے دوسری سیڈ اور عالمی نمبر 228 جاپانی کھلاڑی سوٹا کاگاوا کو 6-0، 6-1 سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی
اس کامیابی کے ساتھ میکائیل علی بیگ کے بین الاقوامی آئی ٹی ایف ٹائٹلز کی تعداد 16 ہوگئی ہے جن میں 8 سنگلز اور 8 ڈبلز ٹائٹلز شامل ہیں۔ وہ پاکستان کے نمبر ون بین الاقوامی جونیئر ٹینس کھلاڑی ہیں اور کم عمری میں مسلسل بین الاقوامی کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر عاصم الحق قریشی سیکریٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل اور فیڈریشن کی انتظامیہ نے میکائیل علی بیگ اور ان کے اہل خانہ کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے
پی ٹی ایف حکام نے امید ظاہر کی کہ میکائیل مستقبل میں بھی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مزید اعزازات حاصل کریں گے ان کی یہ کامیابی پاکستانی جونیئر ٹینس کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے