متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا کی ٹیم نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دیدی، اب دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل ٹکرائو اتوار کے روز ہوگا، تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے کپتان ڈوسن شاناکا نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی جو 19.1 اوورز میں 121 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی، پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بلے باز قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا
محمد رضوان 14، بابر اعظم 30، فخر زمان 13، خوشدل شاہ 4، افتخار احمد 13، محمد نواز 26، آصف علی اور حسن علی صفر، عثمان قادر 3، حارث رئوف 1 اور محمد حسنین بغیر کوئی سکور بنائے ناٹ آئوٹ رہے، سری لنکا کی جانب سے ہاسارنگا ڈی سلوا نے تین، مہیش تھیکا شاناکا اور پرمود مادھوشان نے دو دو جبکہ دھننجیا ڈی سلوا اور چمیکا کرونارتنے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں سری لنکا کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 17 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرتے ہوئے میچ پانچ وکٹوں سے جیت لیا، سری لنکا کی جانب سے اوپنر پاتھم نساناکا نے 55 رنز ناٹ آئوٹ کی میچ وننگ اننگز کھیلی، جبکہ راجاپاسکے چوبیس اور کپتان دوسن شاناکا اکیس رنز بنا سکے، پاکستان کی جانب سے محمد حسنین اور حارث رئوف نے دو دو جبکہ عثمان قادر نے ایک وکٹ حاصل کی۔