انٹرنیشنل سپورٹس کانفرنس اگلے ماہ پشاور میں ہوگی

سینئر سپورٹس جرنلسٹس اور پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے صدر امجد عزیز ملک نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل سپورٹس کانفرنس اگلے ماہ پشاور میں ہوگی جس میں پاکستان سمیت 22 ملکوں سے سپورٹس جرنلسٹس شریک ہونگے۔ قیوم سپورٹس کمپلیکس کے میڈیا سنٹر میں سپورٹس رائٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ کانفرنس پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت اور پر امن چہرہ سامنے لانے میں معاون ثابت ہوگی۔ کانفرنس میں ینگ رپورٹرز پروگرام کے تحت 40 نوجوان صحافیوں کو سپورٹس جرنلزم کے حوالے سے مفید اور کار آمد لیکچرز دیئے جائیں گے۔ ملکی و غیر ملکی مندوبین کو پشاور سمیت چارسدہ، مردان اور کوہاٹ میں کھیلوں کی سہولیات کا دورہ کروایا جائے گا۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن آف انٹرنیشنل پریس فار سپورٹس (اے آئی پی ایس) ایشیا کے نئے آفس کا افتتاح بھی پشاور میں کیا جائے گا۔مندوبین کو تاریخی شہر پشاور کا دورہ بھی کروایا جائے گا۔ انٹرنیشنل سپورٹس کانفرنس میں فٹبال ورلڈ کپ پر لکھی گئی تاریخی کتاب کی رونمائی اور سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کی ایوارڈ تقریب بھی منعقد ہوگی۔

error: Content is protected !!