مراکش سے ہارنے کے بعد پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو شدید افسردہ

قطر فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے کوراٹر فائنل میں مراکش سے ہارنے کے بعد پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو شدید افسردہ ہیں۔ میچ ہارنے کے غم سے وہ اگلے دن بھی نہیں نکل پائے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر کرسٹیانو رونالڈو نے ہارنے کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے جذباتی انداز میں لکھا کہ پرتگال کیلئے ورلڈ کپ جیتنا میرا سب سے بڑا اور اہم خواب تھا، خوش قسمتی سے میں نے بہت سے بین الاقوامی اعزاز جیتے ہیں، لیکن اپنے ملک کا نام دنیا کی سب سے بڑی جگہ لانا میری زندگی کا سب سے بڑا خواب تھا۔

 

رونالڈو نے مزید کہا کہ میں اس خواب کیلئے لڑا، بہت لڑا، میں نے پانچ ورلڈ کپ کھیلے اور ان میں گول کیے، میرے ساتھ عظیم کھلاڑی رہے اور لاکھوں پرتگالیوں کی سپورٹ رہی۔ میں نے سب کچھ کیا، میں نے اپنا خواب پورا کرنے سے کبھی ہمت نہ ہاری نہ اس سے منہ پھیرا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بدقسمتی سے گزشتہ روز خواب ختم ہو گیا، میں آپ سب کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ جتنا کچھ لکھا گیا، بہت کچھ کہا گیا اور بہت کچھ گمان کیا گیا، لیکن پرتگال کیلئے میری محنت ایک لمحے کے لیے بھی کم نہ ہوئی۔

 

کرسٹیانو رونالڈو نے کہا میں اپنے ملک اور اپنے ساتھیوں پر کبھی آنچ نہیں آنے دوں گا، پرتگال کا شکریہ، قطر کا شکریہ، یہ خواب جب تک رہا، بہت اچھا رہا۔ رونالڈو نے پرتگال کی جانب سے 5 ورلڈ کپ کھیلے، مجموعی طور پر انہوں نے 196 انٹرنیشنل میچز میں 118 گول سکور کیے ہیں۔

error: Content is protected !!