فیفا ورلڈ کپ ، پہلے سیمی فائنل میں کل ارجنٹائن اور کروشیا کا ٹکرائو

قطر میں جاری بائیسویں فیفا ورلڈ کپ 2022 کا پہلا سیمی فائنل میچ کل منگل کو لوسیل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 12 بجے شروع ہوگا۔اس سے قبل میگا ایونٹ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو چکی ہے، دلچسپ مقابلوں کے بعد دفاعی چیمپئن فرانس، مراکش، ارجنٹائن اور کروشیا فائنل فور میں جگہ بنا چکی ہیں ۔کوارٹر فائنل مرحلے میں ارجنٹائن نے نیدرلینڈز اور کروشیا نے برازیل کو ہرا کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جبکہ کروشیا کی ٹیم 2018 ورلڈ کپ کا فائنل کھیل چکی ہے تاہم اسے فرانس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

 

ارجنٹائن کی ٹیم اس سے قبل دو مرتبہ 1978 اور 1986 میں عالمی کپ جیت چکی ہے جبکہ وہ 1930،1990، اور 2014 میں رنر اپ رہ چکی ہے۔ پہلےسیمی فائنل کی دونوں ٹیمیں میچ میں کامیابی کے لئے پراعتماد ہیں اور دونوں ٹیموں میں کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل دفاعی چیمپئن فرانس اور مراکش کے درمیان 14 دسمبر کو البیت سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ مراکش نے کوارٹر فائنل میں پرتگال کو شکست دے کر تاریخ میں پہلی بار فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے جبکہ فرانس نے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے ۔میگا ایونٹ میں تیسری پوزیشن کے لئے میچ 17 دسمبر جبکہ ورلڈ کپ کا فائنل میچ 18 دسمبر کو لوسیل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!