فیفا ورلڈ کپ کا فائنل کل فرانس اور ارجنٹائن کے درمیان کھیلا جائیگا

بائیسویں فیفا ورلڈ کپ کا عالمی چیمپئن کون بنے گا ؟اس کا فیصلہ کل  18 دسمبر کو فرانس اور ارجنٹائن کے درمیان فائنل معرکے میں ہوگا ۔قطر میں جاری ، میگا ایونٹ کا فائنل معرکہ لوسیل آئیکونک سٹیڈیم، لوسیل میں ہوگا، جو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگا۔اس سے قبل ارجنٹائن کی ٹیم نے میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں کروشیا کو باآسانی 0-3 گول سے ہرا کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میچ میں دفاعی چیمپئن فرانس نے مراکش کو 0-2 گول سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی تھی ۔ارجنٹائن اور فرانس کی ٹیمیں اس سے قبل دو ،دو مرتبہ عالمی چیمپئن رہ چکی ہیں ۔ ارجنٹائن کی ٹیم اس سے قبل دو مرتبہ 1978 اور 1986 میں عالمی کپ جیت چکی ہے جبکہ وہ 1930،1990، اور 2014 میں رنر اپ رہ چکی ہے۔دفاعی چیمپئن فرانس کی ٹیم 1998 میں پہلی جبکہ 2018 میں دوسری مرتبہ ورلڈ چیمپئن بنی تھی۔ فرانس کی ٹیم 2006 کے عالمی کپ میں رنر اپ رہی ہے۔ فرانس کی ٹیم اگر فائنل میں ارجنٹائن کو شکست دیکر اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو وہ فیفا ورلڈ کپ کی ساٹھ سالہ تاریخ میں پہلی ٹیم بن جائیگی جس نے اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا ہو۔

error: Content is protected !!