بھارتی کرکٹر ریشابھ پنت کار حادثے میں شدید زخمی

معروف بھارتی کرکٹر ریشابھ پنت بھیانک کار حادثے کا شکار ہو گئے تاہم گاڑی تباہ ہونے کے باوجود خوش قسمتی سے ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔وکٹ کیپر بلے باز اترکھنڈ میں اپنے آبائی علاقے رورکی میں حادثے کا شکار ہوئے اور انہیں شدید زخمی ہونے کے سبب ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ان کی مرسڈیز گاڑی کو اس دوران آگ لگ گئی جس کے سبب پوری گاڑی تباہ ہو گئی اور وہ کھڑکی توڑ کر اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوئے۔

 

بنگلورو میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سربراہ وی وی ایس لکشمن نے ٹوئٹر پر پیغام میں ریشابھ پنت کے حادثے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنت کی حالت خطرے سے باہر ہے لیکن انہیں لگنے والی چوٹیں کس حد تک شدید ہیں، یہ ابھی نہیں کہا جا سکتا۔ان کی گاڑی کو یہ حادثہ جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب دہلی سے واپس لوٹتے ہوئے پیش آیا اور انہیں ایک نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

 

اترکھنڈ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل اشوک کمار نے بتایا کہ بھارتی کرکٹر ریشابھ پنت کی گاڑی کو صبح ساڑھے پانچ بجے رورکی کے قریب محمد پور جاٹ کے قریب حادثہ پیش آیا۔کرکٹر کے مطابق گاڑی چلاتے ہوئے ان کی کچھ وقت کے لیے آنکھ لگ گئی تھی اور اسی سبب ان کی گاڑی سڑک کے بیچ میں موجود آہنی رکاوٹوں سے ٹکرا گئی اور اس میں آگ لگ گئی۔

 

 

ان کی آئی پی ایل ٹیم دہلی کیپیٹل نے بھی ان کے حادثے کی تصدیق کی ہے جبکہ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کرکٹر کے سر، پیٹھ اور ٹانگوں پر شدید زخم آئے ہیں۔ریشابھ پنت سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز کا حصہ نہیں ہیں اور انہیں ان کی کارکردگی کا معیار بہتر بنانے کے لیے بنگلورو کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ وہ فروری میں آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی سیریز کی تیاری کر سکیں۔

error: Content is protected !!