روم( علی عباس) اٹلی کے دارالخلافہ شہر روم میں خواتین کے نمائشی ہاکی میچ سے قبل تارکین وطن کشتی حادثہ میں جاں بحق ہونے والی پاکستان کی سابق انٹرنیشنل ہاکی کھلاڑی شاہدہ رضا کی یاد میں تعزیتی بینر لئے گراؤنڈ میں غیر ملکی خواتین کھلاڑی آئیں۔ سابق انٹرنیشنل وومن ہاکی کھلاڑی کی یاد میں میچ کے آغاز سے قبل ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
ان خواتین کھلاڑیوں نے اپنے عمل سے بتایا کہ کھلاڑی اپنے ملک کا سفیر ہوتا ہے اور محبت کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ سنہرے مستقبل کے خواب آنکھوں میں سجائے سات سمند پار جانے کا فیصلہ لینے والی شاہدہ رضا کی حادثہ میں موت نے نہ صرف پاکستانی شائقین ہاکی کو افسردہ کیا بلکہ بین القوامی سطح پر بھی اس حادثہ کے گہرے نقوش چھوڑے۔
یاد رہے کہ شاہدہ رضا کا تعلق پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر کوئیٹہ سے تھا، ہزارہ قبیلہ سے تعلق رکھنے والی شاہدہ رضا نے نہ صرف قومی کھیل ہاکی میں انٹرنیشنل سطح پر پاکستان کی نمائیندگی کی بلکہ وہ پاکستان وومن فٹ بال ٹیم کا بھی حصہ رہیں۔