ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ کی ملکیت ممبئی انڈینز میجرلیگ کرکٹ (ایم ایل سی) میں ڈیبیو کے لئے تیار ہے یہ ایم آئی نیویارک کے نام سے میدان میں اترے گی ۔ ٹیم بارے جانچ پڑتال ، مذاکرات، اور حتمی پابند معاہدوں پر عمل درآمد، اور مطلوبہ کارپوریٹ، ریگولیٹری اور تیسرے فریق کی منظوری اور تمام ضابطوں کی تکمیل کا عمل جاری ہے جس کے بعد یہ رواں سال جولائی میں ایم ایل سی کے تاریخی افتتاحی سیزن میں حصہ لینے کو تیار ہوجائے گی۔ ایم آئی نیو یارک نے اپنے نام اور لوگو کی نقاب کشائی کردی جس میں مشہور ایم آئی لوگو اور نیو یارک اسکائی لائن پردکھایا گیا ہے۔
ممبئی انڈینز کے مالک مسز نیتا ایم امبانی نے کہا ہے کہ وہ ایم آئی فیملی میں اضافہ اور نیویارک فرنچائز کا خیرمقدم کرتے ہوئے بڑی خوشی محسوس کررہی ہیں۔ امریکہ میں پہلی ٹی 20 فرنچائز کرکٹ لیگ میں ہماری شمولیت سے قومی امید ہے کہ ہم ممبئی انڈینز کو بے خوف اور تفریحی کرکٹ کے عالمی برانڈ کے طور پر قائم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ یہ ایم آئی کی ایک نئی شروعات ہے اور وہ آگے کے دلچسپ سفر کی منتظر ہیں۔ ایم آئی نیو یارک کے کھلاڑیوں کا انتخاب اگلے ہفتے سے ہوگا اور منتخب غیر ملکی کھلاڑیوں کا اعلان جلد کردیا جائے گا جبکہ بہترین امریکی مقامی کھلاڑیوں کا انتخاب ہوسٹن میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا جائے گا۔
ایم آئی نیو یارک ان 6 ٹیموں میں سے ایک ہوگی جو پہلی بار ٹیکساس کے گرینڈ پریری میں تعمیر کردہ نئے ایم ایل سی میدان پر کھیلیں گی ۔ سیزن 13 جولائی سے شروع ہوگا اور 30 جولائی کو پہلے ایم ایل سی چیمپیئن شپ فائنل کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ میجرکرکٹ لیگ میں ایم آئی نیو یارک کے علاوہ ٹیکساس، لاس اینجلس، سان فرانسسکو، سیاٹل اور واشنگٹن کی ٹیمیں شرکت کریں گی ۔