پی ایس بی کی جانب سے آرچری کیلئے گراؤنڈ نہ دینے پر وزیراعظم پاکستان سے بات کرونگا، سید عاقل شاہ

 

سابق صوبائی وزیر کھیل اور خیبر پختونخواہ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عاقل شاہ نے کہا ہے کہ اٹھارھویں ترمیم کے بعد جس طرح ٹورازم و دیگر ڈیپارٹمنٹ صوبے کو ملے ہیں اسی طرح سپورٹس کا شعبہ بھی صوبائی حکومت کو ملا ہے، پی ایس بی کی جانب سے آرچری کے کھلاڑیوں کو گراؤنڈنہ دینا افسوسناک ہے یہ ہمارے کھلاڑیوں کیساتھ زیادتی ہے اور بہت جلد اس حوالے سے وہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف سے بھی بات کرینگے یہ باتیں انہوں نے آرچری کے جونیئر کھلاڑیوں کی نیشنل چیمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی دکھانے اور انہیں انعامات دینے کی تقریب میں کہیں.

 

 

 

 

سید عاقل شاہ کا کہنا ہے کہ پی ایس بی کا بنیادی کام کھیلوں کی سہولیات کی کھلاڑیوں کو فراہمی ہے جس میں ابھی تک یہ ناکام رہی ہے اور آرچری کیلئے پی ایس بی کے گراؤنڈز کی فراہمی میں وہ اپنا کردار ادا کرینگے انہوں نے کہا کہ یہ کوئی طریقہ نہیں کہ ہم اپنی ہی زمین پر دوسروں کے محتاج ہونگے آرچری فیڈریشن کے تعاون سے آرچری اکیڈمی کا آغاز بھی اسی پی ایس بی کے گراؤنڈ پر کیا جائیگا جس میں نوعمر کھلاڑیوں کو تربیت دی جائے گی سید عاقل شاہ نے لاہور میں ہونیوالے نیشنل آرچری و جونیئر چیمپئن شپ میں گولڈ، سلور لانے والے کم عمر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ اتنے مسائل کے باوجود جبکہ گراؤنڈ دستیاب نہیں عالمی معیار کے ایکوپمنٹ بھی نہیں لیکن اس کے باوجود صوبہ خیبر پختونخواہ کے کم عمر کھلاڑیوں نے لاہور میں ہونیوالی چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے یہ بھی بتادیا کہ خیبر پختونخواہ کے کھلاڑیوں کو اگر وسائل دئیے جائیں تو وہ کسی سے پیچھے نہیں.

 

 

 

 

 

سید عاقل شاہ نے آرچری کے کھلاڑیوں کی مزید حوصلہ افزائی کیلئے انہیں مستقبل میں مزید انعامات دینے کا اعلان کیا اور آرگنائزر کو کہا کہ کہ جس گراؤنڈ سے پی ایس بی نے تیر اندازوں کو پریکٹس کرنے سے روکاتھا اسی گراؤنڈ میں جونیئر کھلاڑیوں کا ٹورنامنٹ منعقد کروائیں وہ خود ہی اس کا افتتاح کرینگے.اور دیکھیں گے کہ کون کھلاڑیوں کو گراؤنڈز سے نکالتا ہے کیونکہ یہ گراؤنڈز انہی کھلاڑیوں کی وجہ سے آباد ہیں اور یہ تمام سہولیات انہی کھلاڑیوں کیلئے بنائی گئی ہیں.

error: Content is protected !!