قومی کرکٹرز سے پیسے بٹورنیوالے پولیس اہلکاروں کو سندھ پولیس نے گرفتار کرکے معطل کر دیا.

آئی جی سندھ کے احکامات پر پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ دوسری جانب قومی کرکٹرز سے پیسے لینے کے معاملے پر ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد نے انکوائری رپورٹ مرتب کر لی۔

ایس ایس پی حیدر رضا کے مطابق کرکٹر صہیب مقصود سے مبینہ طور پر رقم لینے کا واقعہ نواب شاہ کے علاقے کیریا اسٹاپ پر پیش آیا، جہاں پر 2 پولیس موبائل متعین تھیں، ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کی تصاویر کرکٹر صہیب مقصود کو بھجوائی گئی ہیں۔

ادھر سندھ پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ سکرنڈ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او اور ہیڈ محرر کو معطل کر دیا گیا۔

ڈی آئی جی شہید بینظیرآباد کے مطابق گرفتار چاروں اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی ہو رہی ہے ،حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی انکوائری رپورٹ آئی جی سندھ کو ارسال کی جائے گی۔

 

 

error: Content is protected !!