کرکٹ
بین سٹوکس ایک بار پھر آئی پی ایل میں سب سے مہنگے غیرملکی کھلاڑی
انڈین پریمیئر لیگ کے لیے ہونے والی نیلامی میں انگلینڈ کے بین سٹوکس ایک بار پھر سب سے مہنگے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہونے میں کامیاب ہوگئے جب رائل چیلینجرز بنگلور نے انھیں 14 لاکھ پاؤنڈز کے عوض خرید لیا۔
گذشتہ سال ہونے والی نیلامی میں سٹوکس سب سے قیمتی کھلاڑی بننے میں کامیاب ہو گئے تھے جب رائزنگ پونے سپر جائنٹس نے 17 لاکھ پاؤنڈز کے عوض انھیں خریدا تھا۔ دوسری جانب انگلینڈ کے کپتان جو روٹ کو خریدنے میں کسی ٹیم نے دلچسپی ظاہر نہیں کی۔ بین سٹوکس کے بارے میں بات کرتے ہوئے بنگلور کے چیف ایگزیکیٹیو رنجیت بر ٹھاکر نے کہا کہ 'بین سٹوکس آج کے اور مستقبل کے کھلاڑی ہیں۔' سٹوکس کے ہم وطن کرس ووکس بھی انھی کے ساتھ بنگلور کی نمائندگی کریں گے جنھیں 820000 پاؤنڈز کے عوض خرید لیا گیا۔ ان دونوں کے علاوہ انگلینڈ کے وکٹ کیپر جوس بٹلر 485000 پاؤنڈز میں جبکہ آل راؤنڈر معین علی 187000 پاؤنڈز اور بلے باز جیسن رائے کو 165000 پاؤنڈز کے عوض خرید لیا گیا۔ حیران کن طور پر انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان جو روٹ کو کسی ٹیم نے نہیں خریدا اور ان کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ اور ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کے لیے بھی کسی ٹیم نے دلچسپی ظاہر نہیں کی۔