اذلان شاہ ہاکی کپ: پاکستان ٹیم کا اعلان، حنان شاہد اور سفیان خان برقرار
سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان
ایپوہ، ملائیشیا (سپورٹس لنک رپورٹر) پاکستان اسپورٹس بورڈ نے 32ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ 2026 کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹورنامنٹ 20 سے 28 نومبر تک ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان ہاکی ٹیم کے اسکواڈ میں عبداللہ اشتیاق، محمد اماد، وقار، زکریا حیات، ابوبکر، عمر مصطفیٰ، سفیان خان، رانا وحید، محمد عبداللہ، غنظفر علی، ندیم خان، احمد ندیم، معین شکیل، عبدالرحمان، حماد الدین، حنان شاہد، سمیع اللہ اور افراز شامل ہیں۔
ٹیم آفیشلز میں ممتاز الحق ٹیم منیجر، ہرمن کروئس ہیڈ کوچ، ریحان بٹ اور کرس بوون اسسٹنٹ کوچز، سلطان اشرف ویڈیو اینالسٹ، عدیل اختر فزیو تھراپسٹ، دانیال بیری فزیکل کوچ، محمد وقاص احمد جج جبکہ یاسر خورشید نیشنل امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان سمیت آسٹریلیا، کینیڈا، جنوبی کوریا، ملائیشیا اور امریکہ کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
شیڈول کے مطابق پاکستان اپنا پہلا میچ 20 نومبر کو کینیڈا کے خلاف کھیلے گا، جبکہ 21 نومبر کو امریکہ، 23 نومبر کو آسٹریلیا، 24 نومبر کو جنوبی کوریا اور 26 نومبر کو میزبان ملائیشیا کے مدمقابل ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 28 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
قومی ٹیم کا پہلا امتحان کینیڈا کے خلاف ہوگا، جبکہ آسٹریلیا اور میزبان ملائیشیا کے خلاف مقابلے انتہائی اہمیت کے حامل ہوں گے۔ پاکستان ہاکی کے شائقین کو امید ہے کہ قومی ٹیم ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگی۔