ہاکی

سانگھڑ: 12 سکولوں میں ہاکی کا سامان تقسیم - ہاکی گراؤنڈ کے لیے 5 ایکڑ زمین عطیہ

سانگھڑ میں ہاکی کے لیے تاریخی اقدام - ٹاؤن چیئرمین کا 5 ایکڑ زمین ہاکی گراؤنڈ کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان

سانگھڑ ; پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے قومی کھیل ہاکی کو تعلیمی اداروں کی سطح پر فروغ دینے اور نوجوان نسل کو اس کھیل کی جانب راغب کرنے کے لیے ضلع سانگھڑ کے 12 سے زائد اسکولوں میں ہاکی کا مکمل سامان تقسیم کر دیا گیا ہے۔ 

اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد ڈسٹرکٹ کونسل ہال سانگھڑ میں کیا گیا۔

پی ایچ ایف کی جانب سے گراس روٹ لیول پر ہاکی کی بحالی اور فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ٹاؤن چیئرمین شہدادپور علی مرتضیٰ تھیم نے اپنی 5 ایکڑ ذاتی زمین کو ہاکی گراؤنڈ کی تعمیر کے لیے عطیہ کرنے کا بڑا اعلان کیا۔

تقریب میں ایڈیشنل سیکریٹری آئی پی سی میراں محی الدین سومرو، پی ایچ ایف میڈیا ہیڈ وقاص شیخ، ڈائریکٹر اسکولز اینڈ کالجز پرائیویٹ میڈم شہناز لاکھو، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر شہباز خان عباسی، 

اولمپک ڈویژنل سیکریٹری سید حسن عسکری ، سیکرٹری ڈی ایچ اے سانگھڑ ڈاکٹر شبیر، حاکم علی چانڈیو اور پائینٹ کالج کے پرنسپل اعجاز علی شاہ کے علاوہ مختلف اسکولوں کے پرنسپلز، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور اس کے شاندار ماضی کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اسکولوں کی سطح سے ہی بچوں کو کھیلوں کی بنیادی سہولیات اور موقع فراہم کیے جائیں۔ 

اسکولوں میں ہاکی اسٹکس اور دیگر سامان کی فراہمی کا بنیادی مقصد طلبہ میں کھیل کا شوق پیدا کرنا، گراس روٹ سے نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنا اور مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑی تیار کرنا ہے۔

مقررین نے مزید کہا کہ تعلیمی ادارے کھیلوں کے فروغ میں نرسری کا کردار ادا کرتے ہیں۔ 

اس نوعیت کے مثبت اقدامات سے نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھ کر کھیل کے میدانوں کی طرف راغب کرنے اور قومی کھیل کو دوبارہ مقبول بنانے میں بھرپور مدد ملے گی۔

تقریب کے اختتام پر 12 سے زائد اسکولوں کے نمائندوں میں ہاکی کا مکمل سامان تقسیم کیا گیا۔ 

مقامی تعلیمی و سماجی حلقوں نے پی ایچ ایف کے اس اقدام اور ڈسٹرکٹ چیئرمین کی جانب سے زمین کے عطیے کو ضلع سانگھڑ میں ہاکی کے روشن مستقبل اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انتہائی اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا

Related Articles


Back to top button