سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ : پاکستان ہاکی ٹیم کی بھرپور تیاریاں، ڈینیئل بیری کی زیر نگرانی سخت ٹریننگ جاری
سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کی بھرپور تیاریاں جاری، قومی کیمپ کامیابی سے جاری
اسلام آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام ملائیشیا میں منعقد ہونے والے "سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ" کی بھرپور تیاریوں کے سلسلہ میں قومی جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں پر مشتمل مشترکہ تربیتی کیمپ قومی ٹیم کوچ ڈینیئل بیری کی زیر نگرانی کامیابی سے جاری ہے۔
تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ عصری ہاکی کی جدید ترین تکنیک، شارٹ کارنر ڈرلز، بال کنٹرول اور ٹیکٹیکل گیم پلیئنگ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
کوچنگ اسٹاف جدید طرز پر کھلاڑیوں کو مائنڈ سیٹ اور میدان میں بہترین حکمت عملی اپنانے کے لیے سخت مشقیں کروا رہا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کھلاڑیوں کو پرسکون اور سازگار ماحول میں ٹریننگ کے لیے تمام تر جدید سہولیات، خوراک اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کی گئی ہے،
تاکہ تمام کھلاڑی مکمل یکسوئی کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں اور ایونٹ میں ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔