فٹ بال

غیر معمولی حالات — سعودی عرب میں شیڈول ایشین فٹبال کپ 11 ماہ کیلئے ملتوی

حوثی حملوں کے بعد سعودی عرب میں ایک اور بڑا ایونٹ ملتوی، ایشین کپ کی نئی تاریخوں کا اعلان

کوالالمپور / ریاض: ایشیائی فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے سعودی عرب میں شیڈول اے ایف سی ایشین کپ 2027 کو خطے میں غیر معمولی حالات کے باعث ملتوی کر دیا ہے۔

اے ایف سی نے منگل 3 نومبر 2026 کو باضابطہ اعلان کیا کہ 24 ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ جو پہلے 7 جنوری سے 5 فروری 2027 تک سعودی عرب کے شہروں ریاض، جدہ اور الخبر میں ہونا تھا،

 اب 23 دسمبر 2027 سے 21 جنوری 2028 تک منعقد ہوگا۔ نئی تاریخوں کو حتمی منظوری کے لیے فیفا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

اے ایف سی کے مطابق یہ فیصلہ سعودی فٹ بال فیڈریشن اور لوکل آرگنائزنگ کمیٹی کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے

 کہ غیر معمولی علاقائی حالات، سفری رکاوٹوں اور لاجسٹک پیچیدگیوں کے باعث مقررہ وقت پر ٹورنامنٹ کا انعقاد ممکن نہیں رہا، اس لیے تمام شریک ٹیموں، کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کی سلامتی کے پیش نظر تاریخیں آگے بڑھائی گئی ہیں۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب گزشتہ چند ہفتوں سے سعودی عرب کو حوثی حملوں کا سامنا ہے۔ گزشتہ ماہ ریاض ایئرپورٹ پر حملے میں 12 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد سے متعدد بڑے اسپورٹس ایونٹس منسوخ یا ملتوی کیے جا چکے ہیں۔

ایشین کپ لوکل کمیٹی کے سربراہ یاسر المسحل نے کہا ہے کہ سعودی عرب اصل شیڈول کے مطابق میزبانی کے لیے مکمل تیار تھا اور نئی تاریخوں تک اسی رفتار سے کام جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے 3 بار ایشین کپ جیتا ہے لیکن کبھی اس کی میزبانی نہیں کی، اور یہ ٹورنامنٹ 2034 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے ایک اہم ریہرسل سمجھا جا رہا تھا۔

Related Articles


Back to top button