بیس بال

ملتان میں بیس بال کا میلہ، بلوچستان نے گلگت بلتستان کو 18-0 سے روند ڈالا

ستائیسویں خاور شاہ نیشنل بیس بال چیمپئن شپ: 

دوسرے روز بلوچستان کی 18-0 سے شاندار فتح، اسلام آباد اور جی ایف اسپورٹس بھی کامیاب

 ملتان ; پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیر اہتمام ملتان میں جاری ستائیسویں خاور شاہ نیشنل بیس بال چیمپئن شپ کے دوسرے روز بلوچستان، اسلام آباد اور جی ایف اسپورٹس کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔

دوسرے روز کھیلے گئے میچز میں بلوچستان نے گلگت بلتستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 18-0 سے شکست دی، جبکہ اسلام آباد نے سخت مقابلے کے بعد پاکستان پولیس کو 8-7 رنز سے ہرایا۔ ایک اور دلچسپ مقابلے میں جی ایف اسپورٹس نے پنجاب کو 2-1 سے مات دے دی۔

چیمپئن شپ کے دوسرے روز کے مہمان خصوصی میجر علی طاہر تھے۔ ان کی آمد پر پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر ڈاکٹر محمد حمود لکھوی، سیکرٹری جنرل طاہر محمود اور آرگنائزنگ سیکرٹری جمیل کامران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور گلدستہ پیش کیا۔

اس موقع پر فیڈریشن کے نائب صدر حیدر لیری، وومن ممبر عائشہ ارم، چیئرمین کوچنگ کیپٹن (ر) سرفراز احمد، چیف ٹیکنیکل آفیشل ظفر حسین وڑائچ، نیشنل ٹیم کے کوچ ندیم سجاد شاہ، ڈائریکٹر اسپورٹس ایم آئی ٹی ظفر شیروانی اور فیڈریشن کے میڈیا ڈائریکٹر پرویز احمد شیخ سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

میچز کی نگرانی ظفر حسین وڑائچ، چوہدری ساجد، مخدوم مظفر عالم، عمران احمد مغل، زہیب ملک، طارق پاشا، زبیر وٹو، عبدالمجید، عنایت اللہ نیازی اور جاوید علی سمیت دیگر آفیشلز نے کی۔

Related Articles


Back to top button