باکسنگ

معروف باکسر عامر خان کی ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ سے ملاقات

 معروف باکسر عامر خان کی ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ سے ملاقات

اسلام آباد (5 نومبر 2026) معروف برطانوی پاکستانی باکسر عامر خان نے ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ سے اہم ملاقات کی ہے، جس میں پاکستان میں پروفیشنل باکسنگ کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان میں کھیلوں کی مجموعی ترقی اور باکسنگ کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی، جس میں کھلاڑیوں کی اگلی نسل کی حوصلہ افزائی اور معاونت کرنے پر خصوصی زور دیا گیا۔

ملاقات کے بعد نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامر خان نے پاکستان پروفیشنل باکسنگ بورڈ کے قیام کا باضابطہ اعلان کر دیا۔

عامر خان نے کہا کہ پاکستان میں باکسنگ اکیڈمیز اور جدید تربیتی سہولیات کی شدید کمی ہے۔ کراچی کے علاقے لیاری سمیت ملک بھر میں بے پناہ باکسنگ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن نوجوان فائٹرز کو سہولیات اور مالی معاونت نہیں مل رہی۔

انہوں نے کہا کہ نئے بورڈ کے تحت باکسرز، ریفریز اور ججز کی باقاعدہ رجسٹریشن، لائسنسنگ اور ٹریننگ کی جائے گی اور بین الاقوامی باکسنگ تنظیموں WBC، WBA، IBF، WBO سے الحاق حاصل کیا جائے گا تاکہ پاکستانی باکسرز عالمی ٹائٹل کے لیے فائٹ کر سکیں۔

بورڈ کے صدر شجاد خان اور جنرل سیکرٹری طاہر خان نے کہا کہ بورڈ کا مقصد پاکستانی باکسرز اور ٹیکنیکل آفیشلز کو عالمی سطح پر پہچان دلانا ہے۔

عامر خان نے اعلان کیا کہ نئے بورڈ کے زیر اہتمام پہلا پروفیشنل باکسنگ شو 10 فروری 2027 کو منعقد ہوگا جبکہ باکسرز کی رجسٹریشن کے لیے ویب سائٹ Showboxing.com بھی لانچ کر دی

انہوں نے واضح کیا کہ یہ بورڈ پرائیویٹ سیکٹر کی کاوشوں سے قائم کیا گیا ہے اور سرکاری فنڈز یا وسائل پر انحصار نہیں کرے گا۔

Related Articles


Back to top button