بنگلادیشی کرکٹر تمیم اقبال کا یوٹرن، ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کے ایک روز بعد فیصلہ واپس لے لیا، کرکٹر نے یہ اعلان بنگلا دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد سے ملاقات کے بعد کیا۔
تمیم اقبال اپنی اہلیہ، سابق کپتان مشرفی مرتضیٰ اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر نجم الحسن کے ہمراہ وزیر اعظم سے ملاقات کی جس میں ریٹائرمنٹ واپس لینے کا فیصلہ کیا۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جلال یونس کا کہنا ہے کہ تمیم اقبال چھ ہفتے آرام اور اپنی فٹنس پر کام کریں گے۔ تمیم اقبال کی اچانک ریٹائرمنٹ پر بنگلادیشی شائقین نے افسردگی کا اظہار کیا تھا
کیوں کہ ورلڈکپ 2023 میں تین ماہ رہ گئے ہیں اور ان کی امیدیں تمیم اقبال پر ہیں۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ تمیم اقبال ورلڈکپ میں بھی بنگلادیشی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بنگلادیش کی ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم کے کپتان تمیم اقبال نے افغانستان سے شکست کے ایک روز بعد آبدیدہ آنکھوں کے ساتھ ایک جذباتی پریس کانفرنس میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔