روحیل نذیر ڈارون سیریز میں پاکستان شاہینز کی قیادت کریں گے.

 

روحیل نذیر ڈارون سیریز میں پاکستان شاہینز کی قیادت کریں گے

لاہور، 20 جولائی 2023:

پاکستان کرکٹ بورڈ نے وکٹ کیپر بلے باز روحیل نذیر کو ڈارون، آسٹریلیا میں ہونے والی ہائی اینڈ ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے پاکستان شاہینز کا کپتان مقرر کیا ہے، جو 30 جولائی سے 6 اگست تک ناردرن ٹیریٹری کرکٹ (این ٹی سی) کے زیر اہتمام منعقد ہو گی۔

 

این ٹی سی سائیڈ، این ٹی اسٹرائیک، اور پاکستان شاہینز کے علاوہ، آسٹریلین کیپیٹل ٹیریٹری کامیٹس، میلبورن سٹارز، میلبورن رینیگیڈز اور پاپوا نیو گنی (پی این جی) کی ٹیمیں ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں ہونے والے چھ ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی جس میں ٹاپ دو ٹیمیں فائنل میں پہنچیں گی۔

 

ٹی ٹونٹی میچوں کے بعد شاہینز بالترتیب 8 اور 9 اگست کو PNG اور NT اسٹرائیک کے خلاف 50 اوور کے دو میچز بھی کھیلے گی۔

ڈارون کا دورہ پی سی بی کی پالیسی کا حصہ ہے تاکہ ابھرتے ہوئے کرکٹرز کے لیے تمام فارمیٹس میں مختلف آپوزیشنز کے خلاف مختلف حالات میں کرکٹ کھیلنے کے مزید مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں اور کھلاڑیوں کے پول کو بھی بڑھایا جا سکے ۔ اس سلسلے میں، پاکستان شاہینز نے حال ہی میں زمبابوے کا دورہ بھی کیا اور وہ اس وقت اے سی سی مینز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے لیے سری لنکا میں ہیں۔ اسکواڈ 19 ستمبر سے 8 اکتوبر تک 19ویں ایشین گیمز ہانگ زو 2022 میں بھی حصہ لے گا۔

روحیل نذیر 33 فرسٹ کلاس میچ کھیل چکے ہیں اور اس سے قبل پاکستان شاہینز کی کپتانی کر چکے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں زمبابوے کا دورہ کیا جہاں شاہینز نے مئی میں دو چار روزہ اور چھ 50 اوورز میچز کھیلے ہیں۔

 

عالیان محمود نے 23-2022 سیزن میں اپنا فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا تھا، جب کہ باسط علی اور شاویز عرفان نے 2022 میں ملتان میں بنگلہ دیش کے خلاف انڈر 19 سیریز میں حصہ لیا تھا۔ فیصل اکرم اور محمد عرفان خان ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2023 کے لیے کراچی کنگز کے روسٹر میں تھے، جب کہ محمد عمران ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2022 میں کراچی کنگز میں تھے۔ سید ذیشان ضمیر ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2023 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے کھیلے تھے۔

ان کرکٹرز کے علاوہ، ٹیم میں سات نوجوان کھلاڑی بھی شامل ہیں جو پاکستان انڈر 19 اسکواڈ کا حصہ تھے جس نے مئی 2023 میں ایک چار روزہ، پانچ 50 اوور اور ایک ٹی ٹونٹی میچ کی سیریز کے لیے بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا۔

ان میں عامر حسن، علی اسفند، عرفات منہاس، آذان اویس، سجاد علی، شامل حسین اور وہاج ریاض ہیں۔

 

پاکستان شاہینز اسکواڈ:

روحیل نذیر (کپتان)، عالیان محمود، علی اسفند، عامر حسن، عرفات منہاس، آذان اویس، باسط علی، فیصل اکرم، محمد عمران ، عرفان خان نیازی، سجاد علی، شامل حسین، شاویز عرفان، سید ذیشان ضمیر اور وہاج ریاض۔

 

پاکستان شاہینز کے میچوں کا شیڈول:

30 جولائی – بمقابلہ NT اسٹرائیک (T20)
31 جولائی – بمقابلہ ACT کامیٹس (T20)
1 اگست – بمقابلہ میلبورن رینیگیڈز (T20)
2 اگست – بمقابلہ میلبورن سٹارز (T20)
4 اگست – بمقابلہ PNG (T20)
6 اگست – فائنل
8 اگست- بمقابلہ PNG (50 اوور)
9 اگست – بمقابلہ NT اسٹرائیک (50 اوور)

 

 

تعارف: News Editor