فٹ بال

فیفا انڈر 15 فیسٹیول: پاکستان کا گولز کی برسات، کک آئی لینڈز 7-0 سے پاش پاش

فیفا انڈر 15 فیسٹیول: پاکستان کا گولز کی برسات، کک آئی لینڈز 7-0 سے پاش پاش

فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول میں پاکستان کی جارحانہ کارکردگی، الہان نے برتری دلائی، کلیم اللہ کے دو گول سمیت شاہینز نے سات بار گیند جال میں پہنچائی۔

پاکستان نے فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 میں کک آئی لینڈز کے خلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سات گول سے کامیابی حاصل کی۔ شاہینز نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور تیز رفتار حملوں، انفرادی مہارت اور عمدہ فنشنگ کی بدولت مقابلے پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔

میچ کے ابتدائی لمحات ہی میں دونوں ٹیموں نے گول اسکور کیے۔ الہان نے دوسرے منٹ میں میدان کے وسط سے انفرادی پیش قدمی کرتے ہوئے گیند گول کے نچلے دائیں کونے میں پہنچائی، تاہم کک آئی لینڈز نے اگلے ہی منٹ فری کک پر ہیڈر کے ذریعے مقابلہ برابر کردیا۔

پاکستان نے فوری طور پر ردعمل دیتے ہوئے کھیل کا رخ اپنے حق میں موڑ لیا۔ 11ویں منٹ میں عالم نے دور سے زوردار شاٹ لگا کر شاہینز کو دوبارہ برتری دلائی، 

جبکہ اگلے ہی منٹ شیراز کے بائیں جانب سے دیے گئے شاندار ڈائیگنل پاس پر کلیم اللہ نے گول اسکور کردیا۔ کلیم اللہ نے 15ویں منٹ میں ایک اور عمدہ انفرادی کوشش کی، تیز رفتار جوابی حملے پر حریف دفاع کو چکمہ دیا اور بائیں پاؤں سے گیند کو گول کے اوپری کونے میں پہنچا دیا۔

دوسرے ہاف میں بھی پاکستان کا دباؤ برقرار رہا۔ 27ویں منٹ میں دانش مسیح نے میدان کے وسط سے ملنے والے پاس پر پنالٹی ایریا کے قریب گیند قابو کی، تیزی سے مڑتے ہوئے شاٹ لگایا اور اسے گول کے نچلے بائیں کونے میں پہنچا دیا۔

میچ کے آخری لمحات میں شاہینز نے مزید دو گول اسکور کیے۔ 37ویں منٹ میں بائیں جانب سے عمدہ موو کے بعد بخشی حمل نے گیند جال میں پہنچائی، 

جبکہ 39ویں منٹ میں زین العابدین نے شاندار انفرادی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف دفاع کو چکمہ دیا اور گول کیپر کو چکمہ دے کر پاکستان کا ساتواں گول اسکور کردیا۔

پاکستان کی یہ کامیابی ٹیم کی جارحانہ حکمت عملی، تیز رفتار حملوں اور انفرادی مہارت کا بھرپور اظہار تھی، جس کے ذریعے شاہینز نے سات گول اسکور کرتے ہوئے مقابلہ اپنے نام کیا۔

Related Articles


Back to top button