نسیم شاہ نے دو چھکے لگا کر جاوید میانداد بھائی کی یاد دلائی،بابر اعظم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ہر کھلاڑی آگے بڑھ کر اپنی ذمہ داری نبھارہا ہے۔ ایشیا کپ میں افغانستان کے خلاف کھیلے گئے میچ کی ہم ایسی توقع نہیں کر رہے تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری ویڈیو پیغام میں کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ ایشیا کپ میں اب تک کافی اچھے میچز ہوئے ہیں، میچز میں اونچ نیچ ہوتی رہی ہے۔

 

انہوں نے قومی کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مختلف کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میں خوش قسمت کپتان ہوں کہ ہمارے پاس اچھے کھلاڑی ہیں اور ہم نے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔افغانستان کے خلاف سپر فور مرحلے کے میچ کے حوالے سے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ فائنل سے پہلے میچز بہت اچھے ہوئے، خاص طور پر افغانستان والا میچ، جہاں ہم ایسی توقع نہیں کر رہے تھے۔

بابر اعظم نے کہا کہ نسیم شاہ نے دو چھکے لگا کر جاوید میانداد بھائی کی یاد دلائی۔ گو کہ پاکستان ٹیم سپر فور مرحلے میں سری لنکا سے شکست کھاچکی ہے جبکہ فائنل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف فائنل میں اچھی اور ٹف کرکٹ ہوگی۔

 

انہوں نے پلیئنگ کنڈیشنز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹاس اب تک بہت اہم رہا ہے، دوسری اننگز میں بیٹنگ کرنے والی ٹیمیں جیت رہی ہیں۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ یہاں دبئی میں موسم ایسا ہے کہ اوس کا کردار بھی ہوتا ہے، دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو فائدہ ہوتا ہے اور وکٹ بھی اس وقت بہتر ہوتی ہے۔

 

کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ فینز ہمیشہ بہت سپورٹ کرتے ہیں، لیکن میں ہمیشہ انہیں کہتا ہوں کہ اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کبھی پرفارمنس اچھی ہوتی ہے تو کبھی نہیں، فینز وہی ہوتے ہیں جو ہر وقت اپنی ٹیم کو سپورٹ کریں۔

error: Content is protected !!