دورۂ سری لنکا کے پہلے پریکٹس میچ میں شاہین آفریدی کی عمدہ بولنگ ; تین وکٹیں حاصل کیں۔

 

حسن علی نے بھی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے تقریباً ایک سال بعد

ریڈ بال کرکٹ میں واپس آتے ہوئے عمدہ بولنگ سے اپنے بلند عزائم ظاہر کردیے۔

 

شاہین شاہ آفریدی نے ہمبنٹوٹا میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورۂ سری لنکا کے پہلے پریکٹس میچ میں عمدہ بولنگ کرتے ہوئے37 رنز دے کر 3وکٹیں حاصل کیں۔انہوں نے کامندو مینڈس کو وکٹ کیپر سرفراز کے ہاتھوں کیچ کرایا۔

کاوشکا انجولا کو بولڈ کیا جبکہ وکرما سنگھے کا کیچ سلپ میں عبداللہ شفیق نے کیا۔

 

یاد رہے کہ شاہین شاہ آفریدی گزشتہ سال پاکستانی ٹیم کے دورۂ سری لنکا کے گال ٹیسٹ میں گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے جس کی وجہ سے وہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز نہیں کھیل پائے تھے۔

شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے کے لیے صرف ایک وکٹ درکار ہے ۔

 

ہمبنٹوٹا میں دو روزہ پریکٹس میچ کے پہلے دن شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں سری لنکن کرکٹ بورڈ الیون 46 اعشاریہ 3 اوورز میں 196 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

میزبان ٹیم کی اننگز کی خاص بات اوشادا فرنینڈو کی سنچری تھی جنہوں نے 127 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے18 چوکوں کی مدد سے113 رنز اسکور کیے۔

 

اکتیس سالہ فرنینڈو 21 ٹیسٹ میچوں میں سری لنکا کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی نے بارہ اوورز میں 37 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

حسن علی نے22 رنز کے عوض3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آل راؤنڈر عامر جمال اور لیگ اسپنر ابرار احمد نے بالترتیب 33 اور 52 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

 

پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے تھے ۔شان مسعود نے 66 گیندوں پر نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 83 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ امام الحق 36 اور عبداللہ شفیق 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بابراعظم 14 اور سعود شکیل صفر پر ناٹ آؤٹ تھے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ اتوار سے گال میں کھیلا جائے گا۔

 

مختصر اسکور۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ الیون 196 رنز ( 46 اعشاریہ 3اوورز ) اوشادا فرنینڈو113۔حسن علی 22/ 3 وکٹ ۔ شاہین شاہ آفریدی37/3 وکٹ۔

پاکستان ۔160 رنز کھلاڑی 3آؤٹ ۔ ( شان مسعود 83۔امام الحق 36۔ ماناسنگھے 39/2 وکٹ۔)

 

 

error: Content is protected !!