جنوبی افریقا کے شہر ڈربن میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف اور بورڈ آف کنٹرول فار ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری جے شاہ کے درمیان آئی سی سی کے سالانہ اجلاس کے سائیڈ لائنز پر ملاقات ہوئی ہے۔
دونوں سربراہان کے درمیان ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور بھارت کو کرکٹ پر مل بیٹھنا چاہیے۔
ذرائع نے بتایاکہ ذکا اشرف نے جے شاہ کو ایشیا کپ میں پاکستان آنے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔
ذرائع کے مطابق جے شاہ نے ذکا اشرف کو بھارت میں ورلڈکپ میں دیکھنے کی دعوت دی اور انہوں نے ورلڈکپ کے دوران دورہ بھارت کی دعوت قبول کر لی۔
دونوں بورڈ عہدیداران نے کرکٹ روابط میں بہتری لانے پر اتفاق کیا۔ ذکا اشرف نے جے شاہ سے گفتگو میں کہا کہ آپ ہماری مہمان نوازی سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے، پاکستانی عوام اپنے مہمانوں کی قدر کرنا جانتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک اچھی شروعات ہے، مستقبل میں مزید ملاقاتیں ہونگی۔