سکواش

دنیائے اسکواش کی نظریں پاکستان پر - لگاتار 4 ایونٹس

پاکستان کو لگاتار 4 بین الاقوامی اسکواش مقابلوں کی میزبانی مل گئی

اسلام آباد / کراچی: پاکستان اسکواش کے لیے ایک اور بڑی خوشخبری، پاکستان کو لگاتار 4 بین الاقوامی اسکواش ٹورنامنٹس کی میزبانی مل گئی ہے، جس کی کل انعامی رقم 4 لاکھ 39 ہزار ڈالر ہے۔

پاکستان اسکواش فیڈریشن (PSF) کے مطابق یہ چاروں ایونٹس پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن (PSA) کے زیر اہتمام ہوں گے اور اسلام آباد میں جاری ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ کے اختتام کے فوراً بعد شروع ہوں گے۔

فیڈریشن کے مطابق ان چار ایونٹس میں دنیا بھر سے نامور مرد و خواتین کھلاڑی شرکت کریں گے، جس سے پاکستانی کھلاڑیوں کو عالمی سطح کے کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنے اور اپنی رینکنگ بہتر بنانے کا سنہری موقع ملے گا۔

چاروں ٹورنامنٹس کا مکمل شیڈول جاری:

چیف آف دی ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ:
یہ ایونٹ 24 سے 28 نومبر تک اسلام آباد کے مصحف سکواش کمپلیکس میں کھیلا جائے گا۔ یہ 40 ہزار ڈالر انعامی رقم کا سلور لیول مردوں کا ایونٹ ہے۔

چیف آف نیول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ:
یکم سے 5 دسمبر تک کراچی کے پی این روشن خان - جہانگیر خان سکواش کمپلیکس میں منعقد ہوگا۔ اس کی انعامی رقم 18 ہزار ڈالر ہے۔

سندھ اوپن انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ:
6 سے 10 دسمبر تک کراچی کے کرک کلب میں کھیلا جائے گا۔

کراچی اوپن گولڈ چیمپئن شپ:
یہ سیریز کا سب سے بڑا ایونٹ ہے جو 5 سے 10 جنوری 2027 تک کراچی میں ہوگا، جس کی انعامی رقم ڈھائی لاکھ ڈالر (250,000 ڈالر) ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ سال بھی گولڈ لیول پی ایس اے ایونٹ اور پہلی بار انڈر 23 ورلڈ چیمپئن شپ کی کامیاب میزبانی کی تھی، جس کے بعد عالمی ادارے نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلسل دوسرے سال بڑے ایونٹس کی میزبانی دی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جہانگیر خان اور جانشیر خان کے دور کے بعد پاکستان میں اسکواش کے سنہری دور کی واپسی کی یہ ایک بڑی علامت ہے اور اس سے پاکستان دوبارہ دنیا میں اسکواش کا پاور ہاؤس بن کر ابھرے گا۔

Related Articles


Back to top button