پولو ان پنک فائنل: راجہ میکائل کا طوفان، اکیلے 6 گول داغ کر ٹرافی جتوا دی
راجہ میکائل سمیع کے 6 گول، رابسن انٹرنیشنل نے لاہور سمارٹ سٹی پولو ٹرافی جیت لی
لاہور: لاہور پولو کلب کے زیراہتمام لاہور سمارٹ سٹی پولو ان پنک ٹورنامنٹ 2026ء کا فائنل ٹیم رابسن انٹرنیشنل نے جیت لیا فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد ٹیم ڈائمنڈ پینٹس کو 6-5 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں پولو کا فائنل میچ دیکھنے کیلئے تماشائیوں اور فیملیز کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر وائس چیئرمین لاہور سمارٹ سٹی جہانزیب زاہد، سی ای او ذیشان قریشی، لاہور قلندر کے سی ای او عاطف رانا، گلوکار علی ظفر، لاہور پولو کلب کے صدر آغا نجیب رضا،
ایگزیکٹو کمیٹی ممبر ز اور زندہ دلان لاہور کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ فائنل میچ سے قبل گلائیڈر شو، نیزا بازی، بچوں کا ایگزی بیشن میچ بھی ہوا۔
فائنل میں ڈائمنڈ پینٹس کی ٹیم کو چوتھے چکر کے شروع تک رابسن انٹرنیشنل پر دو گول کی برتری تھی چوتھے چکر میں راجہ میکائل سمیع نے شاندار گول سکور کرکے اپنی ٹیم کو 6-5 سے فتح دلا دی۔
تمام چھ گول راجہ میکائل سمیع نے سکور کیے ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے راجہ جلال ارسلان نے تین اور بلال حئی نے دو گول سکور کیے۔ نیوایج کیبلز /ماسٹر پینٹس نے پلاٹینم ہومز کو سب سڈری فائنل میں 6-4 سے ہرا کر سب سڈری فائنل جیت لیا۔