اینگرو کرکٹ کوچنگ پروجیکٹ 10 جولائی سے شروع ; چھ غیرملکی کوچز کھلاڑیوں کی کوچنگ کریں گے۔

اینگرو کرکٹ کوچنگ پروجیکٹ10 جولائی سے شروع ہوگا

چھ غیرملکی کوچز 120 کھلاڑیوں کی کوچنگ کریں گے۔

چھ غیرملکی کوچز جن میں تین سابق ٹیسٹ کرکٹرز بھی شامل ہیں آئندہ ہفتے پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت ہونے والے اینگرو کرکٹ کوچنگ پروجیکٹ کے پاتھ وے کرکٹ پروگرام میں کوچنگ کریں گے۔

یہ دوسرا سال ہے کہ اینگرو کرکٹ کوچنگ پروجیکٹ منعقد ہورہا ہے۔

 

انڈر 13سے انڈر19 تک کے ایج گروپ میں تقریباً 120 کھلاڑیوں کو اس پاتھ وے کرکٹ پروگرام کے تحت ٹریننگ دی جائے گی جو 10جولائی سے 10 اگست تک لاہور اور مرید کے میں منعقد ہوگا۔

یاد رہے کہ یہ پروجیکٹ پاکستان کرکٹ بورڈ اور اینگرو کارپوریشن کے درمیان گزشتہ سال ایک معاہدے کے تحت عمل میں آیا تھا جس کے تحت اینگرو کارپوریشن تین سال تک اس پروگرام کے لیے غیرملکی کوچز کو اسپانسر کررہی ہے۔

ان کوچز میں آسٹریلیا کے جیف لاسن، نیوزی لینڈ کے اسکاٹ مک لارن، جنوبی افریقہ کے ہرشل گبز برطانیہ کے گورڈن پارسنز، جولین فاؤنٹین اور زمبابوے کے تاتندا ٹائبو شامل ہیں۔

جیف لاسن 46 ٹیسٹ اور 79 ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں۔

ہرشل گبز نے 90 ٹیسٹ اور 248ون ڈے انٹرنیشنل اور 23 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے ہیں جبکہ تاتندا ٹائبو نے 28 ٹیسٹ 150 ون ڈے انٹرنیشنل اور 17 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے ہیں۔

ایک وقت میں پانچ کوچز اس کوچنگ پروجیکٹ میں موجود ہونگے۔

ہرشل گبز انڈر13 اور انڈر 16 کے کھلاڑیوں کے ساتھ کام کریں گے اور وہ 16 جولائی کو واپس چلے جائیں گے۔

جیف لاسن 22 جولائی کو پہنچیں گے اور وہ دو روز انڈر 16 کے ساتھ کام کرنے کے بعد انڈر 19 کے کھلاڑیوں کے ساتھ کام کریں گے۔

 

انگلینڈ میں پیدا ہونے والے گورڈن پارسنز جنہوں نے جنوبی افریقہ میں بھی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی ہے گزشتہ سال بھی اس پروجیکٹ کا حصہ تھےاور وہ پچھلے سال پاکستانی انڈر 19 ٹیم کے بنگلہ دیش ٹیم کے دورے کے دوران بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔وہ اس مرتبہ بھی اس پروگرام میں بولنگ کوچ ہونگے جبکہ جولین فاؤنٹین فیلڈنگ کوچ ہونگے۔

 

انڈر13 میں 25کھلاڑی منتخب ہوئے ہیں جنہیں 13 سے 25 جولائی تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ دی جائے گی۔

اس کیٹگری میں یکم ستمبر 2010 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے لڑکے سلیکشن کے اہل ہیں اور اس میں ان کی اس سال مارچ سے مئی تک ہونے والے انٹرریجن انڈر13 ون ڈے ٹورنامنٹ کی کارکردگی کو مدنظر رکھا گیا ہے۔جو لڑکے اس ٹورنامنٹ میں پرفارم کرنے کے بعد اوورایج ہوگئے انہیں انڈر 16 میں منتقل کردیا گیا ہے۔

 

انڈر16 میں 37 کھلاڑی مرید کے کنٹری کلب میں 10سے 25 جولائی تک حصہ لیں گے۔ان لڑکوں میں یکم ستمبر 2007 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے لڑکے شامل ہیں۔اور انہیں انٹرریجن انڈر 16 ون ڈے ٹورنامنٹ کی پرفارمنس پر سلیکٹ کیا گیا ہے۔جو لڑکے اس ٹورنامنٹ میں پرفارم کرنے کے بعد اوورایج ہوگئے انہیں انڈر 19 میں منتقل کردیا گیا ہے۔

 

انڈر 19 میں 58 کے لگ بھگ کھلاڑی دو گروپ میں لاہور اور مرید کے میں 26 جولائی سے 10 اگست تک کام کریں گے جن کی پیدائش 1 ستمبر 2004 کی ہے ۔ ان کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

 

 

error: Content is protected !!