ٹٰینس

فخرِ پاکستان میکائیل علی بیگ نے ملائیشیا میں پاکستان کا پرچم بلند کر دیا

کوالالمپور ٹینس چیمپئن شپ: پاکستانی ٹینس سنسنی میکائیل علی بیگ نے جے 100 آئی ٹی ایف ٹائٹل اپنے نام کر لیا

اسلام آباد(نواز گوہر) پاکستان کے 17 سالہ ٹینس سنسنی میکائیل علی بیگ نے اپنی شاندار بین الاقوامی پیش رفت کو جاری رکھتے ہوئے کوالالمپور میں منعقدہ معتبر 'آئی ٹی ایف جے 100' سنگلز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

انہوں نے ایونٹ کے دوران جاپان کے دو ٹاپ سیڈڈ کھلاڑیوں کو شکست دے کر عالمی جونیئر ٹینس میں اپنی دھاک بٹھا دی۔ٹورنامنٹ میں ففتھ سیڈ کی حیثیت سے شامل ہونے والے پاکستانی ٹینس اسٹار نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ 

فائنل مقابلے میں میکائیل نے یکطرفہ کھیل پیش کرتے ہوئے جاپان کے سیکنڈ سیڈ سوٹا کاگاوا کو 0-6 اور 1-6 سے بدترین شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

اس شاندار فتح کے ساتھ ہی میکائیل علی بیگ نے اپنے کیریئر کا 8واں آئی ٹی ایف جونیئر سنگلز ٹائٹل جیتا، جبکہ ان کے مجموعی بین الاقوامی ٹائٹلز کی تعداد 16 ہو گئی ہے

 جن میں 8 سنگلز اور 8 ڈبلز کے تاج شامل ہیں۔ٹاپ رینکڈ حریفوں کے خلاف فیصلہ کن پیش قدمی کوالالمپور میں میکائیل کی کامیابی مسلسل بہترین فارم، اعتماد اور جارحانہ حکمت عملی کی مرہونِ منت رہی۔

انہوں نے ٹورنامنٹ کا آغاز بھارت کے آریا وینکٹا راگھون کے خلاف 0-6 اور 0-6 سے مکمل بالادستی کے ساتھ کیا۔ اگلے مرحلے میں انہوں نے جاپان کے ماؤ تازورو کو 7-6(5) اور 1-6 سے ہرا کر پیش قدمی جاری رکھی۔

کوارٹر فائنل میں پاکستانی نوجوان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے روس کے تھرڈ سیڈ ایوان مکاروف کو 0-6 اور 0-6 سے باآسانی آؤٹ کلاس کیا۔

ان کا سب سے بڑا امتحان سیمی فائنل میں جاپان کے ٹاپ سیڈ یوتا امانو کے خلاف تھا، جہاں میکائیل نے عمدہ حواس اور بہترین حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5-7 اور 2-6 سے فتح حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنائی۔

 فائنل میں بھی انہوں نے اپنے حریف کاگاوا کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور 0-6، 1-6 سے فتح سمیٹ کر ٹرافی اپنے نام کی۔ مسلسل دو راؤنڈز میں ایونٹ کے دونوں ٹاپ سیڈز کو شکست دینا ان کی اس کامیابی کو مزید نمایاں بناتا ہے۔

کوالالمپور میں کامیابی میکائیل کے جاری ایشیائی ٹور کا ایک اور اہم باب ہے۔ اس سے قبل انہوں نے مکی (جاپان) میں منعقدہ آئی ٹی ایف جے 200 ڈبلز چیمپئن شپ جیتی تھی،

 جبکہ کاواگوچی (جاپان) کے جے 100 ایونٹ کے سنگلز اور ڈبلز کے سیمی فائنل میں بھی جگہ بنائی۔ اس کے علاوہ انہوں نے جنوبی کوریا کے شہر وانجو میں منعقدہ جے 300 ایونٹ کے تیسرے راؤنڈ تک رسائی حاصل کی تھی۔

پاکستان کے نمبر ون جونیئر ٹینس کھلاڑی کی حیثیت سے میکائیل نے آئی ٹی ایف جونیئر سرکٹ پر مسلسل اعلیٰ کارکردگی دکھائی ہے۔ ان کی حالیہ کامیابیوں میں 2025 کے دوران پاکستان میں مسلسل تین آئی ٹی ایف جونیئر سنگلز ٹائٹلز، 

امریکہ میں یو ایس ٹی اے ونٹر نیشنل چیمپئن شپ میں ڈبلز کا ٹائٹل اور کوچنگ (ملائیشیا) میں جونیئر ڈیوس کپ ایشیا/اوشینیا پری کوالیفائنگ ایونٹ میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل شامل ہیں۔

صرف 17 سال کی عمر میں 16 بین الاقوامی ٹائٹلز کی حاصلات ان کی غیر معمولی صلاحیتوں کا ثبوت ہیں۔ کوالالمپور میں عالمی سطح کے کھلاڑیوں کو شکست دے کر حاصل کی گئی 

یہ فتح پاکستان کے جونیئر ٹینس پروگرام کے لیے انتہائی حوصلہ افزا ہے اور اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنا کتنا اہم ہے۔

میکائیل علی بیگ کی یہ کامیابی محض ایک ٹرافی نہیں بلکہ پاکستان ٹینس کے روشن مستقبل کی علامت ہے، جو اس بات کا واضح پیغام دیتی ہے کہ ملکی ٹینس کی نئی نسل عالمی اسٹیج پر اپنا لوہا منوانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

Related Articles


Back to top button