فٹ بال

فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ فیسٹیول: پی ایف ایف صدر کا نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامی اعلان

 پی ایف ایف صدر کا انڈر 15 ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے اضافی 25 ہزار روپے انعام کا اعلان

باکو میں عشائیے کے دوران شاہینز کی ورلڈ کپ کارکردگی کو سراہا گیا،

 کھلاڑیوں کا صدر پی ایف ایف اور کوچنگ اسٹاف سے اظہارِ تشکر

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی انڈر 15 قومی ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے اضافی 25 ہزار روپے ذاتی انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ 

اس انعام کا مقصد ایونٹ میں کھلاڑیوں کی محنت، لگن اور عمدہ کارکردگی کو سراہنے کے ساتھ ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

اس انعام کا اعلان صدر پی ایف ایف کی جانب سے جمعہ کی رات باکو کے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں ٹیم اور آفیشلز کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کے دوران کیا گیا۔ 

یہ اضافی انعام کھلاڑیوں کو پہلے سے ملنے والے فوائد کے علاوہ ہوگا، جس کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو سیکھنے، اپنی صلاحیتوں میں نکھار لانے اور مسلسل آگے بڑھنے کی ترغیب دینا ہے۔

اس موقع پر ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں نے صدر پی ایف ایف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ انعام ان کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔ کھلاڑیوں نے تمام آفیشلز اور کوچنگ اسٹاف کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔

ٹیم کے کپتان محمد مصطفیٰ، کلیم اللہ خان اور رمیز رضا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بالخصوص ہیڈ کوچ احسان اللہ خان کی رہنمائی، محنت اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔

کھلاڑیوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آذربائیجان میں حاصل ہونے والے تجربے سے سیکھتے ہوئے اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں گے اور جلد ایک بار پھر کسی بین الاقوامی ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

Related Articles


Back to top button